گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کا کیس، راجہ پرویز اشرف کی ایک دن حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

بدھ 5 دسمبر 2018 22:20

لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2018ء) احتساب عدالت نے گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی ایک دن حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی جبکہ گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس پر مزید سماعت 17دسمبر تک ملتوی کر د ی ۔ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی ۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے وکیل نے ایک دن حاضری معافی کی درخواست دی جسے عدالت نے منظور کر لیا ۔

عدالت نے بیانات قلمبند کرنے کے لئے گواہان کو طلب کررکھا تھا جبکہ سماعت کے دوران ایک گواہ پر جزوی جرح مکمل کی گئی ۔نیب پراسیکیوٹر کے مطابق نیب نے گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں راجہ پرویزاشرف سمیت 8 ملزمان کو نامزد کر رکھا ہے، نیب پراسیکیوٹر کے مطابق راجہ پرویزاشرف نے ایسے افراد کو نوکریاں فراہم کیں،جنھوں نے درخواستیں ہی نہیں دی تھیں، میرٹ کی دھجیاں بکھیر کر نااہل افرادکو سیاسی طور پر نوازا،تحریری امتحان اور ڈومیسائل کی پالیسی کی خلاف ورزی کی گئی،پرویز اشرف نے صرف اپنا ووٹ بنک مضبوط بنانے کیلئے اپنے حلقے کے ووٹرزکونوازتے ہوئے اہل افرادکو ان کے جائز حق سے محروم کیا۔

(جاری ہے)

نیب نے احتساب عدالت میں 2016ء میں ریفرنس دائر کیا تھا جس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ،سابق ایم ڈی پیپکو طاہربشارت چیمہ ،سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع، سابق ڈائریکٹرز بورڈ آف گورنرز محمد سلیم عارف، ملک محمد رضی عباس اور وزیرعلی ،سابق سی ای اومحمد ابراہیم مجوکہ اور سابق ڈائریکٹر ایچ آرحشمت علی کاظمی کو نامزد کیا گیا ،راجہ پرویز اشرف پر 437افراد کو غیرقانونی طور پر بھرتی کرنے کا الزام ہے۔احتساب عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس پر سماعت 17دسمبر تک ملتوی کر دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں