وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے وینٹیج اینڈ کلاسک کار ریلی کے شرکاء کو الواع کیا

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے وینٹیج اینڈ کلاسک کار ریلی کے شرکاء کو الواع کیا۔منگل کو گورنر ہاؤس لاہور پہنچنے والی ریلی اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گئی-ریلی میں شامل کلاسک گاڑیاں شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔وینٹیج اینڈ کلاسک کار ریلی کا آخری پڑاؤ پشاور میں ہو گا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اقدامات سے پاکستان میں سیاحت کو فروغ ملے گا- انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ میں سیاحت کے فروغ کے لئے سیاحتی پالیسی مرتب کر رہی ہے۔سیاحتی مقامات کی حفاظت کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قدرتی حسن کو محفوظ رکھنے کے لئے عمارتوں کی تعمیر سے متعلق بھی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سیاحوں کو مدعو کرنے کے لئے ایگری ٹورازم ، مذہبی سیاحت اور مہماتی سیاحت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔پنجاب میں موسم کے اعتبار سے پھلوں کے فیسٹیولز کا انعقاد کیا جائے گا۔ پنجاب میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی بے پناہ جگہیں موجود ہیں جنہیں سیاحوں کے لئے کھولا جا سکتا ہے۔پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں بہت جلد سیاحوں کے لئے کھولا جائے گا۔حکومت پنجاب سیاحتی مقامات پر سہولیات کو یقینی بنا رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں