پیراگون سٹی اسکینڈل کیس ،قیصر امین بٹ نے باقاعدہ طور پر وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست کر دی

جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ 164کے تحت بیان ریکارڈ ،احتساب عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) پیراگون سٹی اسکینڈل کیس میں گرفتار قیصر امین بٹ نے باقاعدہ طور پر وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست کر دی، جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ 164کے تحت بیان ریکارڈ کروانے کے بعد احتساب عدالت نے قیصر امین بٹ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے قیصر امین بٹ کو جمعرات کے روز پہلے ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ عامر رضا بیٹو کی عدالت میں لایا گیا جہاں ملزم قیصر امین بٹ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اس کے بعد قیصر امین بٹ کو احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ احتساب عدالت میں نیب کے وکلا نے ملزم قیصر امین بٹ کا جسمانی ریمانڈ واپس لینے اور ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزم وعدہ معاف گواہ بن چکا ہے اور اب نیب کو ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں جس پر عدالت نے ملزم قیصر امین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کے احکامات جاری کر دئیے۔

(جاری ہے)

احاطہ عدالت میں قیصر امین بٹ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو بھی کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے بہترین سہولیات دی گئی ہیں۔ وعدہ معاف گواہ بننے کے سوال پر ملزم نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جی میں وعدہ معاف گواہ بن چکا ہوں۔ پیراگون اسکینڈل بارے قیصر امین بٹ نے کہا کہ اس معاملے میں ندیم ضیا ملوث ہے سب فراڈ اسی نے کیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق مجھے ندیم ضیا سے ملوانے والے تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں