پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی میں سٹاف میں تعریفی اسناد کی تقسیم

جلد ہی پراپرٹی رجسٹریشن اصلاحات کا کام پنجاب کے باقی شہروں میں بھی مکمل کر لیا جائے گا‘ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) ترجمان پنجاب لینڈ ریکارڈزاتھارٹی کی طرف سے پراپرٹی رجسٹریشن کیلئے کی جانے والی اصلاحات کے نتیجے میں لاہور عالمی ڈوئنگ بزنس انڈیکس میں 69پوزیشن پر آگیا ہے جبکہ لاہور کی وجہ سے پاکستان کی پوزیشن میں 9درجے بہتری آئی ہے۔ جس سے پاکستان کی ورلڈ ڈوئنگ بزنس انڈیکس میں پوزیشن 170کی بجائے 161پر آگئی ہے۔

اصلاحات سے پہلے پراپرٹی رجسٹریشن کا کام 7مراحل پر مشتمل تھا اور 56دن کے طویل عرصہ میں یہ کام مکمل ہوتا تھا۔ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی طرف سے کی جانے والی اصلاحات کی بدولت یہ کام 7مراحل کی بجائے 6مراحل اور 56دن کی بجائے اب صرف 26دن میں مکمل ہوتا ہے۔ پراپرٹی رجسٹریشن کیلئے سب سے پہلے فرد حاصل کرنے کے بعد بنک آف پنجاب میں فیس کی ادائیگی کے بعد ای سٹامپ پیپر حاصل کیا جاتا ہے اور اس کے بعد وکیل یا وثیقہ نویس سے معاہدہ لکھوانے کے بعد رجسٹرار آفس میں رجسٹری کا اندراج کروایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

رجسٹرار فریقین کے بیانات اور رجسٹری کی تصدیق کے بعد خود کار طریقے سے انتقال کیلئے رجسٹری اراضی ریکارڈ سنٹر کو بھجوائی جاتی ہے۔ 15دن کے اندر انتقال کی تصدیق کے بعد رجسٹری انتقال کی نقل بذریعہ کورئیر صارفین کو ان کے گھروں میں پہنچا دی جاتی ہے۔ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، موبائل ایپ کے اجراء اور پراپرٹی کی جھگڑوں کی پراپرٹی رجسٹریشن پراجیکٹ کی ویب سائٹ پر دستیابی کی بدولت پراپرٹی رجسٹریشن کا کام پہلے کی نسبت بہت آسان ہوگیا ہے۔

ورلڈ بنک جائزہ مشن نے اپنی حالیہ دورہ پاکستان میں پی ایل آر اے کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے باقی دنیا کیلئے قابل تقلید قرار دیا گیا ہے۔ ورلڈ بنک نے پراپرٹی رجسٹریشن کے دوراینے کو مزید کم کر کے 14دن تک لانے کی تجویز دی ہے۔اس ضمن میں پی ایل آر اے کی طرف سے پراپرٹی رجسٹریشن پراجیکٹ سٹاف کے اعزاز میں تقریب کا انعقادکیا گیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عائشہ حمید نے شرکاء کو بریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی محمد اسلم رائو کا کہنا تھا کہ جلد ہی پراپرٹی رجسٹریشن اصلاحات کا کام پنجاب کے باقی شہروں میں بھی مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے پراجیکٹ منیجر فیض الحسن اور سٹاف کوکامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں