گناہ ٹیکس کی اصطلاح دینی تصور سے انحراف ہے،گناہوں سے روکاجاتا ہے ٹیکس لگاکر جائزقرارنہیں دیاجاتا‘امیر العظیم

کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں قیمتیں برقرار رکھنے کے باوجود امپورٹرزنے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے‘تقریب سے خطاب

جمعرات 6 دسمبر 2018 18:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ ایک طرف وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کی بات کرتے ہیں تو دوسری جانب گناہ ٹیکس لگاکر اسلامی تاریخ سے انحراف اور مذہبی اقدار کامذاق اڑارہے ہیں۔گناہوں کو روکاجاتا ہے کجایہ کہ ان پر ٹیکس لگاکرانہیں جائزقراردے دیاجائے،یہ اسلامی روح کے منافی اقدام ہے۔

اس قسم کی اصطلاح استعمال کرکے دینی تصور کوکچل دیاگیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔حکومت وقت معاشرتی برائیوں کوجڑ سے ختم کرنے کے لیے اقدامات ضرور کرے مگر گناہ ٹیکس جیسی اصطلاح کااستعمال کرکے مذہبی عقائد کومجروح نہ کرے۔اس قسم کے اقدام سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ کابینہ کمیٹی برائے توانا ئی کے اجلاس میں ایل پی جی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کافیصلہ کیاگیا تھامگرذمینی حقائق یہ ہیں کہ امپورٹرز نے گیس ذخیرہ کرکے مصنوعی قلت اور ایل پی جی کی قیمتوں میں فی کلو20روپے تک خودساختہ اضافہ کردیا ہے جس سے گھریلوسلنڈر میں250روپے اور کمرشل سلنڈر 1000روپے تک بڑھ گئے ہیں۔عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

حکومت اپنی رٹ کو قائم رکھنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور دیگر اداروں کو فعال کرے۔ملک وقوم کوکمیشن مافیا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ قومی ایئر لائن میں گزشتہ10برسوں میں134ارب روپے کی کرپشن لمحہ فکریہ ہے۔منافع بخش ادارے کرپٹ عناصر کوکھلی چھٹی دینے کی وجہ سے شدیدخسارے کاشکار ہیں اور یہ قومی خزانے پر سفید ہاتھی بن چکے ہیں۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ سرکاری اداروں سے کالی بھیڑوں کو باہرنکال کر میرٹ پر افراد کوتعینات کیاجائے۔اقرباپروری نے اور نااہل افراد کو اہم عہدوں پر فائز کرنے کی وجہ سے حالات خراب سے خراب تر ہوتے چلے جارہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں