سینئر وزیرپنجاب کی ہدایت پر تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سے تجاوزات مہم کی تفصیلات طلب

مربوط اقدامات کیلئے ہر اتھارٹی کو فوکل پرسن نامزد کرنے کی ہدایت ، جلد اجلاس بھی ہو گا ‘عبدالعلیم خان

جمعرات 6 دسمبر 2018 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی ہدایت پر صوبے بھر کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سے تجاوزات کے خاتمے کی مہم کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں اور محکمہ بلدیات کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں ہر ڈویژنل ہیڈ کو آرٹر اور اُن کے ایریاز میں واگزار کرائی گئی اراضی اور دیگر اعداد و شمار مہیا کرنے کیلئے کہا گیا ہے ،ان میں لاہور ،گوجرانوالہ ،راولپنڈی ،فیصل آباد ،ملتان ،سرگودھا اور بہاولپور کی اتھارٹیز شامل ہیں ان اداروں کو محکمہ بلدیات پنجاب کی طرف سے کیے گئے نوٹیفکیشن میں کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کو کہا گیا ہے اور ان اتھارٹیز کو پنجاب حکومت کی طرف سے چلائی گئی حالیہ مہم میں واگزار کرائی جانے والی اراضی کی تفصیل دینے کو کہا گیا ہے ،اسی طرح ابھی تک قبضے میں موجود سرکاری اراضی کی نشاندہی بھی کی جائے گی ،ہر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو محکمہ بلدیات کے ڈویژنل ڈائریکٹر سے بھی نزدیکی رابطہ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ ہر اتھارٹی محکمہ بلدیات کیلئے باہم رابطے اور مزید معلومات کے تبادلے کیلئے فوکل پرسن بھی نامزدکرے گی ،مزید برآں تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے مختلف اضلاع سے ملنے والی شکایات پر سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت جلد ہی اہم اجلاس منعقد ہونے کی توقع ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں