موجودہ حکومت احتساب کی راہ میں رکاوٹ بننے کی بجائے قانون میں موجود سقم بھی دور کریگی‘ مسرت چیمہ

وفاقی حکومت کی طرح پنجاب حکومت بھی خود کو عوام کے سامنے احتساب کیلئے پیش کرے گی ‘ رکن پنجاب اسمبلی

جمعہ 7 دسمبر 2018 15:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کرپشن کے تمام راستے بند کرے گی اور اس کیلئے احتساب کے قانون میں موجود سقم بھی دور کئے جائیں گے ، وفاقی حکومت کی طرح پنجاب حکومت بھی خود کو عوام کے سامنے احتساب کیلئے پیش کرے گی ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ یہاںقوانین تو موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا تھا لیکن موجودہ حکومت اس روایت کو ختم کرے گی ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت پہلے سے موجود قوانین کو مزید موثر بنانے کیلئے بھی سوچ بچار کر رہی ہے اور اس پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا سوال ہے کہ کیا اس سے پہلے کسی حکومت نے کرپشن کے خلاف جدوجہد کی ہے ،کیا اس سے قبل کسی وفاقی وزیر نے استعفیٰ دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت بھی عوام کو اپنی 100روز کی کارکردگی سے آگاہ کرنے کیلئے 17دسمبر کو ایوان اقبال میں تقریب منعقد کرے گی اور حکومت کا یہ اقدام خود کو احتساب کیلئے عوام کے سامنے پیش کرنا ہے ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ سب کا بلا تفریق احتساب ہو گااور موجودہ حکومت احتساب کی راہ میں رکاوٹ بننے کی بجائے قانون میں موجود سقم بھی دور کرے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں