سانحہ حویلیاں کو دو برس بیت گئے

پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں جنید جمشید سمیت45مسافر جاں بحق ہوئے تھے

جمعہ 7 دسمبر 2018 18:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) سانحہ حویلیاں کو دوبرس بیت گئے ،چترال سے اسلام آبادآنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایبٹ آباد میں حویلیاں کے قریب گر کرتباہ ہوگیا تھاجس میں عملہ کے پانچ افراد اور معروف نعت خواں جنید جمشید سمیت 45افرادجاں بحق ہوگئے تھے۔دوسال قبل سات دسمبر بروزبدھ کوپی آئی اے کی پرواز پی کے چھ سو اکسٹھ تین بجکر پچاس منٹ پرچترال سے اسلام آبادروانہ ہوئی جبکہ طیارے کا شام چاربج کرچالیس منٹ پر کنٹرول ٹاورسے رابطہ منقطع ہوگیا۔

(جاری ہے)

پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کوفنی خرابی کی اطلاع دی تھی۔حویلیاں سے دس کلومیٹردورگائوں میں طیارہ پہاڑی سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں جاگرا۔ حادثہ کے فوری بعدطیارے کوآگ لگ گئی اورطیارے کے تمام مسافرلقمہ اجل بن گئے۔ مسافروں میں ملک کے مشہور گلوکار اور نعت خواں جنید جمشید اوران کی اہلیہ بھی شامل تھے۔پی آئی اے کے اے ٹی آر بیالیس ماڈل طیارے کے عملہ میں کیپٹن خالد جنجوعہ، فرسٹ آفیسرعلی اکرم ، ٹرینی پائلٹ احمد جنجوعہ، ایئرہوسٹس صدف فاروق اورایئرہوسٹس اسما عادل شامل تھے۔طیارے میں تین غیرملکی مسافربھی سوارتھے جن میں شاہی خاندان کاشہزادہ فرحت اوران کی بیٹی بھی شامل تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں