تحریک انصاف کے راہنما اعجاز چوہدری کی خرم نواز گنڈا پور سے ملاقات

ڈاکٹر طاہر القادری نے شہید کارکنوں کو انصاف دلوانے کی جنگ لڑنے کا حق ادا کیا‘اعجاز چوہدری

جمعہ 7 دسمبر 2018 21:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) تحریک انصاف کے سینئر راہنما اعجازچوہدری نے گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خرم نواز گنڈا پور سے ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے نئی جے آئی ٹی کا موقف تسلیم کیے جانے پر اظہار اطمینان کیا، اعجاز چوہدری نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہر القادری نے غریب کارکنوں کو انصاف دلوانے کی قانونی جنگ لڑنے کا حق ادا کردیا، اس پر وہ بطور خاص مبارکباد کے مستحق ہیں، اعجاز چوہدری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے انصاف کے لیے آواز اٹھانا سیاست سے بالا تر ہے،پاکستان کے عوام اور دنیا کی نظر سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف پر ہیں، پہلے روز سے شہداء کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور مکمل انصاف کی فراہمی تک ساتھ رہیں گے، خرم نواز گنڈا پور نے اعجاز چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سپریم کورٹ میں حکومت کی طرف سے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے موقف کی حمایت پر شکر گزار ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ داروں کو سزا ملے، یہ اسی صورت ممکن ہے جب اس کی شفاف تفتیش ہوگی، شریف برادران نے پولیس افسروں اور اہلکاروں کو قربانی کے بکرے بنانے کی کوشش کی لیکن ہمارا اول روز سے یہ مطالبہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ماسٹر مائنڈ کٹہرے میں آنے چاہییں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں عارف چوہدری، حافظ غلام فرید،ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، چوہدری افضل گجر، اصغر ساجد، حاجی فرخ ودیگر شریک تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں