ماحولیاتی آلودگی میں بتدریج کمی آ رہی ہے ،400 یا اس سے زائد ائیرکوالٹی انڈکس انسانی جانوں کے لئے خطر ناک ہوتا ہے ، صوبائی وزراء کے پنجاب اسمبلی میں جوابات

ہمارا 80سی200تک ہے جو خطرے سے باہر ہے ،ملک بھر میں پلانٹیشن کی جا رہی ہے اوربہت جلد سرسبز پاکستان نظر آئے گا،، تمام وکلاء تنظیموں کو آن بورڈ لیا ہوا ہے ،بہت جلدکوئی راستہ نکل آئے گا۔

جمعہ 7 دسمبر 2018 22:32

لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) 400 یا اس سے زائد ائیرکوالٹی انڈکس انسانی جانوں کے لئے خطر ناک ہوتا ہے تاہم ہمارا 80سی200تک ہے جو خطرے سے باہر ہے اور پریشانی کی کوئی بات نہیں، ماحولیاتی آلودگی میں بتدریج کمی آ رہی ہے ، اس میں بہتری کے لئے موجودہ حکومت نے کام کئے ہیں ،ملک بھر میں پلانٹیشن کی جا رہی ہے اوربہت جلد سرسبز پاکستان نظر آئے گا،ان خیالات کا اظہار ماحولیات کے صوبائی وزیرنے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میںسوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا،وزیر قانون راجہ بشارت نے کہاکہ وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کو بڑے مسائل کا سامنا ہے، تمام وکلاء تنظیموں کو آن بورڈ لیا ہوا ہے ،بہت جلدکوئی راستہ نکل آئے گا۔

گزشتہ روز بھی پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ 24 منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکرسردار دوست محمد مزاری کی زیر صدارت شروع ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دو محکموں مواصلات اور ماحولیات کے بارے میں سوالوں کے جوابات دیئے جانے تھے لیکن مواصلات کے وزیر کی عدم موجودگی کی وجہ سے مواصلات کے متعلقہ سوالوں کو موخر کرنا پڑا۔ وقفہ سوالات کے بعدچوہدری اشرف علی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ دیگر شہروں کی طرح گوجرانوالہ میں بھی وکلاء کی کئی روز سے ہڑتال ہے جس کی وجہ سے بہت سے کام رکے ہوئے ہیں اور معاملات خراب ہو رہے ہیں۔

جس پر وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کو بڑے مسائل کا سامنا ہے، حکومت اس معاملے کو بڑی باریک بینی سے دیکھ رہی ہے ،تمام وکلاء تنظیموں کو آن بورڈ لیا ہوا ہے ،بہت جلدکوئی راستہ نکل آئے گا۔ اس کے بعد ڈپٹی سپیکر نے سرکاری کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا، وزیر قانون راجہ بشارت نے ’’ صحت‘‘ پر عام بحث کے لئے تحریک پیش کی ۔

جس پر صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد ابھی اپنا پالیسی بیان جاری ہی کرنے لگی تھیں کہ اپوزیشن کے رکن طاہر پرویز نے کورم کی نشاندہی کردی جس پر ڈپٹی سپیکر نے 5منٹ کے لئے گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی اور پھر اجلاس 15منٹ کے لئے ملتوی کردیا،ڈپٹی سپیکر دوبارہ 12بجے ایوان میں آئے اور کورم پھر بھی پورا نہ تھا جس کے بعداجلاس پیر 10دسمبرسہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں