اسلام عالمی امن کاسب سے بڑا داعی ہے ‘لیاقت بلوچ

بھٹکی اور ٹھوکر یں کھاتی انسانیت کے لیے عافیت رسول اللہ ؐکے اسوہ میں ہے

ہفتہ 8 دسمبر 2018 17:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اسلام عالمی امن کاسب سے بڑا داعی ہے ، رسول اللہ ؐ کی سیرت کا پیغام ساری انسانیت کے لیے اور انسانوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی غلامی میں لانے کے لیے ہے،قرآن و سنت کی دعوت ہی پوری دنیا کے لیے امن کا پیغام ہے،بھٹکی اور ٹھوکر یں کھاتی انسانیت کے لیے عافیت رسول اللہ ؐکے اسوہ میں ہے ۔

منصورہ میں مرکزی مشاورتی اجلاس اور گوجرانوالہ میں سیرت خاتم الانبیا ؐ سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ ڈیموں کی تعمیر اور آبادی کو کنٹرول کرنا حکومت کا دائرہ کار ہے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے آئین ، قانون سے انحراف اور حکومتوں کی نااہلی و ناکامی کی ٹھیک نشاندہی کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

اب سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ عدالتی نظام کی اصلاح ہو ، عوا م کو سستا انصاف ملے اور شک و شبہ سے بالانظام احتساب مل جائے ، اعلیٰ عدلیہ اپنے اس کردار پر توجہ مرکوز کرے تو یہ ملک و ملت کے لیے بڑا احسان ہوگا ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ عالمی قوتوں کے اپنے مفادات میں پرائی جنگ میں فوجی آمروں نے ملک و ملت کے وسائل ، انسانوں اور عزت و وقار کو جھونک دیا ، حالات کو اپنی مرضی سے اپنے حق میں کر لیا اب وقت آگیاہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا جائے اور امریکہ ، بھارت سے تعلقا ت کار اور اعلیٰ سطح پر ابھرتے نئے اتحاد کے لیے قومی پالیسی بنائی جائے ۔ پارلیمنٹ کے فعال کردار سے ہی عوام کا اعتماد بحال ہوگا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں