ڈویلپمنٹ پارٹنرز کوترقی یافتہ علاقوں کے ساتھ پسماندہ اضلاع میںسرمایہ کاری پر بھی آمادہ کرنا ہے‘مخدوم ہاشم جواں بخت

صوبائی وزیر خزا نہ کی زیر صدارت محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں اہم اجلاس ،سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سمیت دیگر کی شرکت

ہفتہ 8 دسمبر 2018 18:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر خزا نہ مخدوم ہاشم جواں کی زیر صدارت گزشتہ روز محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری خزانہ شیخ حامد یعقوب ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ افتخار علی ساہو ،مختلف محکموں کے سربراہان اور پروجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد پنجاب میں مختلف ڈونرز اور ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے اشتراک سے جاری اور آئندہ تجویز کردہ منصوبہ جات کا جائزہ لینا تھا۔

سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت مجموعی طور پر پنجاب میں مختلف ڈونر ایجنسیوں کے اشتراک سے 17منصوبہ جات زیر تکمیل ہیں ۔جن میں سے 10 ورلڈ بنک، چھ ایشین ڈویلپمنٹ بنک اور ایک انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر ڈویلپمنٹ کی معاونت سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے صوبائی وزیر کو منصوبہ جات پر اخراجات کے تخمینوں، پارٹنر شپ اور قرض کی شرائط ، عمل درآمد کروانے والے محکموں اور ذیلی اداروں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ۔

صوبائی وزیر خزانہ نے صاف توانائی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق منصوبہ جات میں انتظامی اصلاحات اور پالیسی ریفارمز متعارف کروانے اور ڈویلپمنٹ کا دائرہ کار پورے پنجاب میں پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں معاشی ترقی کے لیے پورے پنجاب کی شمولیت ضروری ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت چند شہروں میں نمائشی منصوبوں کی قائل ہے نہ بین الاضلاعی تعصب کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ ہمیں اپنے ڈویلپمنٹ پارٹنرز کوترقی یافتہ علاقوں کے ساتھ ساتھ پسماندہ اضلاع میںسرمایہ کاری پر بھی آمادہ کرنا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں