عورتوں پر تشدد کیخلاف سٹی ٹریفک پولیس کا مال روڈ پرآگاہی کیمپ،شہریوں میں پمفلٹس اور وائٹ ربن تقسیم ،شعور اجاگر کرنے سے تشدد کے واقعات میں کمی آئے گی،سی ٹی او

ہفتہ 8 دسمبر 2018 20:27

لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) عورتوں پر تشدد کیخلاف سٹی ٹریفک پولیس لاہور میدان میں آئی گئی،مردوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس اور وائٹ ربن کیمپین پاکستان نے فیصل چوک مال روڈ پر کیمپ لگایا ،آگاہی کیمپ میں سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک اور چیف ایگزیکٹو عمر آفتاب اور صحافیوں سمیت لیڈی وارڈنزنے شرکت کی،سی ٹی او نے مردوں میں آگاہی پمفلٹس اور وائٹ ربن تقسیم کئے،وائٹ ربن مہم انسانی حقوق کے عالمی دن دس دسمبر تک جاری رہے گی،سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہا کہ مہم کا مقصد عورتوں پر ہونے والے تشدد اور جنسی تفریق کے خاتمے کیلئے مردوں میں شعور اجاگر کرنا ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ عورت کائنات کی خوبصورت تخلیق ہے،عورت پر تشدد انسانیت پر تشدد کے مترادف ہے،عورت ہر رشتے میں قابل احترام ہے،ہمارا دین خواتین سے نرمی سے پیش آنے کا درس دیتا ہے،عورت پر تشدد مردانگی نہیں حماقت اور جاہل پن ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ مرد کی کامیابی عورت کی تعظیم میں ہے۔سٹی ٹریفک پولیس میں عورتوں کے حقوق کی پاسداری کیلئے انٹی ہراسمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،ٹریفک پولیس میں کام کرنے والی تمام خواتین کو مکمل حقوق حاصل ہیں ہر سطح پر ان کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔وائٹ ربن کی زیادہ سے زیادہ آگاہی کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کے تمام افسران و اہلکار اپنی یونیفارم پر وائٹ ربن لگائے اور تمام سرکاری گاریوں کی ونڈ سکرین پر بینرز آویزں کئے گئے،وائٹ ربن کیمپن پاکستان کے سی ای اوعمر آفتاب کا کہناتھا کہ پاکستان میں عورتوں کے حقوق تسلی بخش نہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ آگاہی دیتے ہوئے اسے کم سے کم کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں