عوام میں آگاہی کیلئے انسانی حقوق کو لازمی موضوع کے طور پر نصاب کا حصہ بنانا ہوگا‘اعجاز عالم

تحریک انصاف کی حکومت میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلیں گے‘صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور

اتوار 9 دسمبر 2018 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے نئے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال:کے موضوع پر لاہور کے نجی ہوٹل میں خبریں اخبار والوں کے تعاون سے ایک سیمینار منعقد ہوا۔سیمینا ر میں صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔سیمینار میںپی ٹی آئی سوشل ایکٹیوسٹ مسرت جمشید چیمہ،ایم پی اے عظمیٰ قادری،ریجنل ڈائریکٹر انسانی حقوق لبنیٰ منصورکے علاوہ سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے کثیر افراد نے بھی شرکت کی۔

سیمینار میں خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے چیف ایڈیٹر خبریں اخبار ضیاء شاہد نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور سوسائٹی فار ہیومن رائٹس کے قیام کے اغراض و مقاصد بارے بتایا کہ سوسائٹی کے مقاصد بنیادی حقوق اور ہر شخص کی آزادی کو پروموٹ کرنا اور اس کی حفاظت کیلئے جدوجہد شامل کرنا شامل ہے۔

(جاری ہے)

معاشرے میں بڑھتے ہوئے مظالم کو دیکھتے ہوئے سوسائٹی کے قیام کا سوچا اور آج ہزاروں افراد اس کی رکنیت حاصل کر چکے ہیں،جہاں کہیں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی دیکھی جاتی ہے تو سوسائٹی کے ممبران فوری ذریعہ ابلاغ کے ذریعے آواز بلند کرتے ہیں اور خواتین پر ظلم و تشدد،ناانصافی،چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنا،بچوں پر تشدد،غریب لوگوں کے علاج و معالجہ کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا اور بہت سی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سوسائٹی ممبران کے بہترین ٹیم ورک سے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔

سیمینار میں شامل شرکاء نے سوسائٹی کے قیام کے اغراض و مقاصد کو سراہا اور مستقبل میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے سوسائٹی کے ساتھ ملکر اپنا بھرپور کردارنبھانے کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر اعجاز عالم نے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہم سب کو ملکر عوام میں احساس بیداری پیدا کرنا ہوگا کہ ہر شخص اپنے حقوق و فرائض میں جان سکے اور اس کیلئے پنجاب حکومت ایسے پروگرامز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے تمام تر کاوشوں کو یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کو لازمی موضوع کے طور پر نصاب کا حصہ بنانے جا رہے ہیں تاکہ اسکولوں،کالجز اور یونیورسٹیوں وغیرہ میں تعلیم حاصل کرنے والے اپنے حقوق بارے جان سکیں اور گاہے بگاہے تعلیمی اداروں میں ہونیوالے مختلف پروگرامز میں شرکت کے دوران نوجوان نسل میں آگاہی کیلئے وزارت انسانی حقوق تمام ممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ موجودہ دور میں ہر شہری تک کوئی بھی بات احسن طریقے سے پہنچانے کیلئے ذریعہ ابلاغ کی اہمیت بہت ذیادہ بڑھ چکی ہے اور پرنٹ میڈیا والے جب اسطرح کی سوسائٹی کو پروموٹ کرتے ہیں تو یقین کرلیں کہ ہر عام و خاص اپنے حقوق بارے جان سکے گا اور ضرورت بھی اس مر کی ہے کہ ہمیں اپنے حقوق کا علم ہو وگرنہ لاعلمی کے باعث عام آدمی بہت سے مظالم کا شکار ہو رہا ہے مگر تحریک انصاف کی حکومت میں ہر طرح کے ظلم و ستم کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائیگا۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں اور صوبائی وزیر کو انتظامیہ کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں