مہا شیو پوجا اور قدیمی استھان کٹاس راج یاترا کی تقریبات میں شرکت کیلئے 200 کے قریب ہندو یاتری پاکستان پہنچ گئے

اتوار 9 دسمبر 2018 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) ہندو مذہب کے تہوار مہا شیو پوجا اور قدیمی استھان کٹاس راج یاترا کی تقریبات کے لیے 200 کے قریب ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پیدل پاکستان پہنچ گئے ،واہگہ بارڈر پر سیکرٹری بورڈ طارق وزیر ،ڈپٹی سیکرٹری فرار عباس،پی آر او عامر حسین ہاشمی سمیت بورڈ افسران اور ہندو رہنمائوں نے یاتریوں کاپاکستان آمد پر استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے ۔

وفد کے لیڈرنے واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے پاکستان پہنچنے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قدیمی کٹاس راج مندر ہندو مذہب و عقیدے کا اہم جز ہے ۔ پاکستان میں ہندو اور سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی پوری دنیا کے لیے امن کا پیغام ہے ۔ دونوں ملکوں کا کلچر اور عوام ایک جیسے ہیں یاتریوں کے لیے دونوں کے ملکوں کی سرحدی پابندی ختم ہونی چاہیے تاکہ با آسانی یاترا کر سکیں ،ہر مرتبہ بہت سے یاتری پاکستان آنے سے رہ جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں ہمارے عبادت گاہیں قدیمی ہیںجن کو محفوظ رکھا گیا ہے اور ہمیں یہاں ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہوتی ہے ۔ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں ۔ سیکرٹری بور ڈ طارق وزیر نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور چیئرمین بورڈ طاہر احسان کی طرف سے ہندو یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور انکا استقبال کیا ۔

انہوںنے کہا کہ ہندو یاتریوں کی سیکورٹی ،رہائش ، لنگر سفری سہولیات سمیت دیگر تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل شرائنز سید فراز عباس نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہندویاتریوںکی مہمان نوازی کے لیے فول پروف سیکورٹی سمیت تمام تر انتظامات مکمل ہیں ،ہندو یاتری کل 10دسمبر کو اسپیشل بسوں کے ذریعے کٹاس راج مندر جائیں گے جہاں پر مرکزی تقریب 11 دسمبر کو منعقد ہو گی ۔واہگہ بارڈر پر بھارت سے آئے یاتریوں نے پاکستان پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں