وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار سے بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار کے طلباء کی ملاقات ،وزیراعلیٰ فرداً فرداً ہر طالب علم کی نشست پر گئے ان سے ہاتھ ملایا،بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے‘آپ لوگوں کیلئے ہمارے وسائل حاضر ہیں،وزیراعلیٰ کی طلباء سے گفتگو

اتوار 9 دسمبر 2018 21:20

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار کے طلباء کے وفد نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ فرداً فرداً خود ہر طالب علم کی نشست پر گئے اور لاہور آمد پر انہیں خوش آمدید کہا۔وزیراعلیٰ نے طلباء سے ہاتھ ملایا اور ان کے مطالبات کے حل کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ نے ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور قوم کو نوجوانوں سے بہت توقعات ہیں۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اوربلوچستان میں بے پناہ وسائل موجودہیں۔ان وسائل سے بھرپور استفادہ کیاجائے تو بلوچستان کے ساتھ پاکستان بھی پائیدارترقی کرے گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب آپ کا اپنا گھر ہے اورہم اپنے بلوچ طلبا ئ کا پنجاب کے دل لاہور آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے طلباء کا یہ دورہ دونوں صوبوں میں رابطے بڑھانے کا ذریعہ بنے گا۔طلباء کے دوسرے صوبوں کے دوروں سے بھائی چارے ، یکجہتی ، یگانگت اور پیار محبت بڑھتی ہے۔جس طرح بلوچ طلباء پنجاب کے دورے پر آئے ہیں اسی طرح پنجاب کے طلباء بھی بلوچستان کا دورہ کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں جس علاقے سے تعلق رکھتا ہوں اس کا آدھا حصہ بلوچستان میں ہے۔

میں کچھ برس قبل بلوچستان اور خضدار کا دورہ کرچکا ہوں،مجھے آپ کے مسائل کا علم ہے۔انشاء اللہ جلد بلوچستان کا دوبارہ دورہ کروں گا اور خضدار بھی جاؤں گا۔انہوں نے کہاکہ آپ کے مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔پنجاب حکومت اپنے وسائل سے بلوچستان میں کارڈیالوجی سینٹر بنائے گی۔یہ سینٹر ہماری طرف سے بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کے لئے تحفہ ہے۔

آپ لوگوں کے لئے ہمارے وسائل حاضر ہیں۔جو کچھ ہو سکا ہر صورت آپ کے لئے کریں گے۔پنجاب یونیورسٹی میں بلوچ طلباء کا کوٹہ بڑھانے کا جائزہ لیا جائے گاجبکہ پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں بھی بلوچ طلباء کے لئے کوٹہ مخصوص کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھائیں گے۔بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار کے اساتذہ او رطلباء نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ ہمارے ساتھ بھرپو رتعاون کیا ہے اور ہمیں اپنے مطالعاتی دورے کے دوران پنجاب میں تعلیمی ادارے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔اساتذہ اور طلباء نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پرپنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں