جماعت اسلامی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق اور تحفظ کی بات کی ہے‘امیر العظیم

نام نہاد این جی اوز غیر ملکی فنڈنگ حاصل کرکے پاکستان کو بدنام کرتی ہیں،ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے

پیر 10 دسمبر 2018 18:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ ملکی ترقی میں خواتین کے کردار کوبڑی اہمیت حاصل ہے۔پاکستان کی ترقی میں خواتین کے کردار کو جھٹلایانہیں جاسکتا۔ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کالوہامنوایاہے۔دین اسلام میں عورت کوبہت بلند مقام دیا گیاہے۔

نبی کریمؐ نے خواتین کے حقوق پر خصوصی زور دیا ہے۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کی بات کی اور معاشرے میں ان پر ہونے والے مظالم کے خلاف بھرپور آوازاٹھائی ہے۔ہمارے تحریکی گھرانوں کی بہت ساری خواتین نے اسمبلیوں میں پہنچ کر اپنا مثبت کردار اداکیا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کچھ نام نہاد این جی اوزغیر ملکی فنڈزحاصل کرنے کے لیے خواتین کومظلوم بناکر ساری دنیا کے سامنے پیش کرتی ہیں جس سے جہاںایک طرف ملکی تشخص کو بری طرح نقصان پہنچتاہے وہاں دوسری طرف وہ فنڈزحاصل کرتی ہیں۔بہت ساری مثالیں ایسی ہیں جنہیں ماضی میں انہی این جی اوز نے اپنے منفی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیااور مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے بعد ان خواتین کو بے سہاراچھوڑدیاگیا۔

ایسی این جی اوز پر پابندی ہونی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ خواتین کے استحصال کی روک تھام کے حوالے سے حکومت وقت کو چاہئے کہ وہ ایسی پالیسیاں مرتب کریں جن سے صورتحال میں بہتری آئے۔انہوں نے کہاکہ دین اسلام نے عورت کو جومقام ومرتبہ اور عزت بخشی ہے وہ کسی دوسرے مذہب میں نہیں۔ماں کی گود پہلی درسگاہ کادرجہ رکھتی ہے۔فرد کی اچھی تربیت درحقیقت معاشرے کی اصلاح کی اکائی ہوتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ عورت کو ماں کے روپ میں جنت کاحصول رکھ دیا گیا۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے بہت ساری قانون سازی کی گئی ہے مگر بدقسمتی سے اس پر درآمد نہیں ہوا۔خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں