میاں اسلم اقبال نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے فارغ التحصیل طلباء میں ٹیوٹا کمپنی میں جاب آفر لیٹر تقسیم کئے

پیر 10 دسمبر 2018 23:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلام اقبال نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ میں انڈس موٹر کمپنی کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔ صوبائی وزیر نے ادارے کے فارغ التحصیل 35طلبا ء میں ٹویٹا کمپنی میں ملازمت کے حوالے سے جاب آفر لیٹر تقسیم کئے۔ صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے حوالے سے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے بڑے پروگرام کا آغاز کر رہی ہے ۔

پروگرام کے تحت مرد امیدواروں کو 80فیصد سرمایہ حکومت دے گی جبکہ 20فیصد کا وہ خود بندوبست کرے گا ۔ اسی طرح خواتین امیدوار 10فیصد خود بندوبست کرے گی جبکہ 90فیصد سرمایہ حکومت دے گی۔ قرضہ کے حصول کے خواہشمند امیدواروں کو بزنس پلان بھی دینا ہو گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں نئی ٹیکنکل یونیورسٹیاں بنا رہی ہے ۔ چین کے اشترا ک سے تیانجن یونیورسٹی کام کر رہی ہے ۔

رسول منڈی بہاؤدین میں بھی یونیورسٹی کے قیام پر کام ہو رہا ہے ۔ ڈیرہ غازی خان اور راولپنڈی میں بھی نئی یونیورسٹیاں بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں اور جدو جہد کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے ۔ پاکستان نے ہمیں نام دیا ہے ، پہچان دی ہے مگر ہم اسے کچھ نہ دے سکے ۔ وقت آگیا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ہر شخص اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان کو بین الاقوامی برادری میں با وقار مقام دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

صوبائی وزیر نے ٹیکنیکل کالج کیلئے سامان کی فراہمی اور طلباء کو جاب آفر لیٹر دینے پر ٹیوٹا کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ ٹیوعٹا کمپنی کا جذبہ لائق تحسین ہے اور سماجی فرائض کی ادائیگی کے حوالے سے لائق تحسین ہے ۔ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے پرنسپل طارق محمود انڈس موٹر کمپنی کے سی ای او علی اصغر جمالی اور چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا اختر عباس بھروانا نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں