محکمہ صحت اور یو ایس ایڈ کا شعبہ صحت کے استحکام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

ماں بچے کی زندگی بچانے اور انہیں صحتمند بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں‘ وزیر صحت

منگل 11 دسمبر 2018 17:15

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) محکمہ صحت اور یو ایس ایڈ نے پنجاب میں شعبہ صحت کے استحکام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے‘ یو ایس ایڈ نے ماں بچہ ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے تعاون کی بھی پیشکش کی ہے‘ اس ضمن میں منگل کے روز وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے یو ایس ایڈ کی ڈائریکٹر ہیلتھ سنگیتا پٹیل کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں شعبہ صحت میں جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا‘ ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ ماں اور بچے کی زندگی بچانے اور انہیں صحتمند بنانے کیلئے اقدامات آگے بڑھا رہے ہیں‘ ملک کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں5 ماں بچہ ہسپتالوں کے قیام کیلئے منصوبہ بندی تیار کر لی گئی ہے‘ اس کے علاوہ سر گنگارام ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ سنٹر بھی بنایا جائے گا‘ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جا رہا ہے‘ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولتوں کی نچلی سطح پر فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے‘ محکمہ صحت کے اہداف ضلعی سطح پر حاصل کئے جائیں گے‘ اضلاع کی سطح پر اقدامات کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی سیل بنا دیا گیا‘ وزیر صحت نے کہا کہ ہسپتالوں کی ایمرجنسی کو بہتر بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے‘ سٹاف کی حاضری کیلئے سخت میکانزم بنایا گیا ہے‘ ڈائریکٹر ہیلتھ سنگیتا پٹیل نے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب شعبہ صحت کے استحکام کیلئے پاکستان میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے‘ یو ایس ایڈ محکمہ صحت کے مختلف منصوبوں میں تعاون مزید بڑھائے گا‘ انہوں نے کہا کہ دوران زچگی شرح اموات میں کمی کیلئے ماں بچہ ہسپتالوں کے قیام کا منصوبہ خوش آئند ہے‘ اس منصوبے کی تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا‘قبل ازیں وزیر صحت نے انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے دوسرے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور 7 شعبوں میں تعلیم مکمل کرنے والے گریجوایٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں‘ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم اور ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعو د صادق بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں