یو ایس ایڈ کی ماں بچہ ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے تعاون کی پیشکش

محکمہ صحت اور یو ایس ایڈ کا شعبہ صحت کے استحکام کے لئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

منگل 11 دسمبر 2018 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) محکمہ صحت اور یو ایس ایڈ نے پنجاب میں شعبہ صحت کے استحکام کے لئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یو ایس ایڈ نے ماں بچہ ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے تعاون کی بھی پیشکش کی ہے۔ اس ضمن میں آج (منگل) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے یو ایس ایڈ کی ڈائریکٹر ہیلتھ سنگیتا پٹیل کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں شعبہ صحت میں جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ ماں اور بچے کی زندگی بچانے اور انہیں صحتمند بنانے کے لئے اقدامات آگے بڑھا رہے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں5 ماں بچہ ہسپتالوں کے قیام کے لئے منصوبہ بندی تیار کر لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سر گنگارام ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ سنٹر بھی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولتوں کی نچلی سطح پر فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت کے اہداف ضلعی سطح پر حاصل کئے جائیں گے۔ اضلاع کی سطح پر اقدامات کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی سیل بنا دیا گیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ ہسپتالوں کی ایمرجنسی کو بہتر بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سٹاف کی حاضری کے لئے سخت میکانزم بنایا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سنگیتا پٹیل نے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب شعبہ صحت کے استحکام کے لئے پاکستان میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔

یو ایس ایڈ محکمہ صحت کے مختلف منصوبوں میں تعاون مزید بڑھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوران زچگی شرح اموات میں کمی کے لئے ماں بچہ ہسپتالوں کے قیام کا منصوبہ خوش آئند ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں