فیصل آباد،ماہرِامراض کان،ناک وگلا کا گائناکالوجسٹ بن کر غلط آپریشن،پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کاپا نچ لاکھ روپے جرمانہ

نجی علاج گاہ کو تمام اقسام کے آپریشن روک دیئے

منگل 11 دسمبر 2018 22:16

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے ماہرِامراض کان،ناک وگلا کا گائناکالوجسٹ بن کر غلط آپریشن کرنے پرنجی علاجگاہ کوپانچ لاکھ روپے جرمانہ کر دیا اور نامناسب سہولیات ہونے پر ہسپتال میں تمام اقسام کے آپریشن روک دیے۔ تفصیلات کے مطابق برخردارنے کمیشن کو درخواست دی کہ وہ اپنی بیوی کو ڈلیوری کے لیے منور ہسپتال پینسرہ فیصل آباد لے کرگیا ،جہاں پرجعلی لیڈی ڈاکٹر روبینہ منور واہلہ نے الٹراساؤنڈکیے بغیرغلط آپریشن کر دیا اور خون بند نہ ہونے کی وجہ سے مریضہ کو الائیڈہسپتال منتقل کر نا پڑا۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی تحقیقات اور ماہرین کی رائے میں شکایت درست ثابت ہوئی اور یہ بھی پتا چلاکہ ماہرِامراض کان،ناک وگلا ڈاکٹر محمد زاہدنے آپریشن کر نے کے ساتھ ساتھ بے ہوشی کے ماہر کا کام بھی کیاتھا۔

(جاری ہے)

کمیشن نے ہسپتال میں تما م اقسام کی سرجری روک دی۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر زاہدکو آپریشن کی اجازت دینے،مریضہ کی دوسرے ہسپتال منتقلی کے لیے مستند معالج کو ساتھ نہ بھجوانے،علاج کی تفصیلات فراہم نہ کرنے اور نرس کو بطورڈاکٹر ظاہرکرنے پر علاجگاہ کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔مزید برآں عطائیت کرنے اور خود کو ڈاکٹر ظاہر کرنے پر روبینہ منور کو50,000روپے جرمانہ کر دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں