برٹش ہائی کمیشن کے وفد کااوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے دفاتر کا دورہ

منگل 11 دسمبر 2018 22:16

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) برٹش ہائی کمیشن کے دو رکنی وفدنے قونصل برائے پاکستان و افغانستان این کوون کی قیادت میں اوور سیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) پنجاب کے دفاتر کا دورہ کیااور وائس چیئرپرسن وسیم اختر سے ملاقات کی۔ ہیڈ آف آپریشن البرٹ ڈیوڈ بھی وفد کا حصہ تھے ۔ وسیم اختر نے برٹش ہائی کمیشن کے وفد کو او پی سی کے طریقہ کار،کارکردگی اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برٹش ہائی کمیشن برطانیہ میں مقیم اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل سے او پی سی کو براہ راست آگاہ کر سکتا ہے ۔برطانیہ میں مقیم اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ وفد کی سربراہ این کوون نے اس موقع پر او پی سی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی کوششوں سے اوور سیز پاکستا نیوں کی ایک بڑی تعداد کو ریلیف فراہم ہوا ہے۔ وسیم اختر نے بتایا کہ او پی سی سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کا ایک موثر ادارہ ہے جس کی بدولت ہزاروں اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ ممکن ہوا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں