توانائی بحران کے حل کیلئے ری نیو ایبل انرجی ذرائع استعمال کرنالازمی ہے، پنجاب یونیورسٹی کانفرنس میں سفارشات

منگل 11 دسمبر 2018 22:46

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز کے زیر اہتمام توانائی کے بحران اور اس کا حل کے موضوع پر منعقد ہونے والی کانفرنس میں سائنسدانوں نے سفارشات دی ہیں کہ ملک سے توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے شمسی، ونڈ اور آبی ذرائع پر انحصار کرنے، پٹرول ، ڈیزل اور فرنس آئل کی جگہ ایتھنول استعمال کرنے اور سرکاری و نجی عمارتوں میں توانائی کے عقلمندانہ استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے،کانفرنس کا اختتامی سیشن پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے سیمینار حال میں ہوا، اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود پنجاب ، پرنسپل کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد، پاکستان ایسوسی ایشن فار ایڈوانسمنٹ آف سائنسز کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلیم چوہدری، سائنسدان، انجینئرز، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کانفرنس میں قلیل المدتی حل پیش کرتے ہوئے سائنسدانوں نے سفارشا ت پیش کیں کہ سستی الیکٹرک گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں متعارف کرائی جانی چاہیں، سائنسدانوں نے سرمایہ کاروں کے ذریعے ساڑھے سات ہزار سے دس ہزار میگا واٹ تک سولر پی وی منصوبے شروع کرنے، ٹیوب ویل شمسی توانائی سے چلانے، پانچ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والے ہائیڈرو منصوبے لگانے، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو جدید بنانے کی سفارش کی، انہوں نے بائیو گیس استعمال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور توانائی سے متعلق اداروں میں بہتری لانے کیلئے تجاویز دیں، اپنے خطاب میں صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود پنجاب نے کہا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ ، معیشت کی بحالی ، تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ، بیوروکریسی کی درستگی ، کسان پیکج اور توانائی بحران کاحل تلاش کرنا حکومتی ترجیحات ہیں جس کیلئے اقدامات لئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہائیڈل پاور ہائوسز، تھرمل ، ونڈ ، سولر اور ویسٹ مینجمنٹ کے ذریعے توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ بھاشا اور دیا میر ڈیم پر مثبت پیش رفت قوم کیلئے سود مند ہے، ڈاکٹر ساجد رشید احمد نے بہترین تقریب کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں دی جانے والی سفارشات سے توانائی بحران کے خاتمے میں معاونت مل سکتی ہے، بعدازاں معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں