لیاقت بلوچ کی ایس ایم ظفر سے ملاقات ،ملکی سیاست اور انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے تبادلہ خیال

منگل 11 دسمبر 2018 23:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ملک کے سینئر ترین سیاستدان ، نامور قانون دان ، دانشور اور سابق پارلیمنٹیرین ایس ایم ظفر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملکی سیاست اور انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے تبادلہ خیال ہوا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ایس ایم ظفر الحمدللہ نوے سال کے ہوگئے ہیں جسمانی کمزوری کے علاوہ بصیرت ، بصارت ، دانشمندی ، حالات کی صحیح صحیح تجزیہ نگاری اور ملک و ملت کے مسائل سے آگہی اور تشویش بحال ہے ۔

ان دنوں ان کی چودھویں کتاب’’ 1906 سے سیاسی ،جمہوری، آئینی جدوجہد ‘‘اشاعت کے لیے تیار ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ انسانی حقوق کے چمپئن اور دعویدار جب تک کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ حل نہیں کرتے ، ایام منانا دھوکہ دہی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیر میں ہندوستان انسانی حقوق کی تمام قدریں پامال کر رہاہے ۔ جموں و کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد آزادی اور حق خود ارادیت کی منز ل ضرور پائے گی ۔

خطہ میں دہشتگردی اور انسانی حقوق کی پامالی کی ذمہ دار بھارتی قیادت ہے ۔دریں اثنالیاقت بلوچ نے علماء اور دینی مدارس کے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رسول اللہ ﷺ بے مثال قائد و رہنما ہیں ۔ آپ ؐ کی مثال نہ ماضی میں تھی اور نہ ہی آئندہ ملے گی ۔ آپ ﷺ خاتم النبیینؑ ہیں ، آپ ؐ کے اسوہ کی پیروی سے ہی انسانیت امن ، اتحاد اور ترقی پاسکتی ہے ۔ مغربی سیکولر ، اسلام بے زار قوتیں خفیہ طور پر اس مشن پر ہیں کہ امت اسلامیہ کی نئی نسل کو رحمة اللعالمین ﷺ کی محبت سے دور کر دیا جائے لیکن عشق مصطفی ﷺ کی طاقت ترقی کی شاہراہ پر ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں