قوم کو انکا حق دیا جائیگا،ثوبیہ کمال خان

منگل 11 دسمبر 2018 23:34

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ثوبیہ کمال خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان انشاء اللہ اپنے کئے ہوئے سارے وعدے پورے کریں گے اور کسی قیمت پر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے،ماضی کی بجائے ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا ہے اور پاکستان کے عوام ہر قیمت پر ملکی مسائل کا حل چاہتے ہیں، جس کیلئے اب ہم مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے، انہوں نے کہاکہ سابق حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پنجاب میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری بری طرح اپنے پنجے گاڑ چکی ہے، سابق حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اور جامع حکمت عملی نہ ہونے کے باعث آج غریب خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں معاشی مضبوط اور خوشحالی کیلئے خود احتسابی لازم ہو چکی ہے، ایک کروڑ نوکریوں سمیت قوم سے کیے جانیوالے تمام وعدوں پر عمل کو یقینی بنایا جائیگا، ہم نے قوم کو سیاسی شعور دیدیا ہے اس لئے ہم جانتے ہیں اگر ہم بھی کوئی غلط کام کر یں گے تو ہمیں قوم برداشت نہیں کریں گی لیکن قوم سے وعدہ کرتے ہیں انکو انکا حق دیا جائیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں