رائے ونڈ،تبلیغی مرکز رائے ونڈ کے پہلو پو میں لیس اہلکار کے رشتہ دار کی رسم حنا کی تقریب پر مجرا و شراب کی محفل ، شرفا سراپا احتجاج

بدھ 12 دسمبر 2018 22:31

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2018ء) تبلیغی مرکز رائے ونڈ کے پہلو میں واقع نجی شادی ہال میں پولیس اہلکار کے رشتہ دار کی رسم حنا کی تقریب پر مجرا و شراب کی محفل سجنے پر شرفا سراپا احتجاج بن گئے ،سٹی تھانہ کی فرض شناس پولیس نے شہریوں کی فون کالز پر کارروائی کی بجائے موقع پر پہنچ کر نہ صرف طوائفوں کو آزاد کردیا بلکہ پیٹی بند بھائی سے دیہاڑی لگاکرمہنگی شراب کی بوتلیں بھی غائب کردیں ، افسران بالا نے خبر ہونے کے باوجود ابھی تک کوئی نوٹس نہیں لیا ہے، معلوم ہے کہ رائے ونڈ گوشت مارکیٹ کے ایک قصائی کی رسم حناکی رنگین محفل سجانے کیلئے شادی ہال مالکان تیار نہ تھے مگربااثر پولیس اہلکار کی وجہ سے خاموش رہے اور چار گھنٹے شراب و شباب کی شرمناک محفل کے انعقاد کیلئے قصائی پارٹی سے بھاری معاوضہ لیکر بکنگ کرلی ،رسم حنا میںقصائی کا رشتہ دار پولیس اہلکار لاہورسے معروف ڈانسرز اور ولائتی شراب کی سینکڑوں بوتلیں بھی ساتھ لایا ،محفل شروع ہونے سے پہلے ون ڈش کی سخت خلاف ورزی کرتے ہوئے شرکاء کی چکن ،مٹن اور بیف سے پرتکلف تواضع کی گئی جبکہ پانی کی طرح شراب اڑائی گئی ،جس کے بعد محفل مجراء کا آغاز ہوا ،جو کہ عروج پر پہنچنے پراس کی اطلاع پورے شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پہنچ گئی ، کچھ شریک افراد نے ڈانس کی فوٹیج واٹس ایپ پر وائرل کردیںجس کے نتیجہ میں مقامی پولیس اے ایس آئی احسان اور محرر اشرف کی قیادت میں موقع پر پہنچ گئی ،پولیس کو دیکھ کر طوائفوں اور تماش بینوں نے دوڑیں لگادیں ،بعدازاں پولیس اہلکار نے اپنے پیٹی بندبھائیوں کو راضی کرنے کیلئے دلہا قصائی کو ہی قربانی کا بکرابنادیا اور لاکھوں میں مک مکا کرکے پولیس کارروائی سے بچالیا ،اسی دوران شراب کی ضبط کی گئی بوتلیں بھی غائب ہوگئیں ،ذرائع کے مطابق شراب و شباب کی محفل پہلے سے طے شدہ تھی ،مگر موقع پرسوشل میڈیا نے رنگ میں بھنگ ڈال دی ،اس سلسلے میں شادی ہال کے مالک نے کہا کہ ان کو علم نہیں تھا کہ ہال میں اس قسم کی محفل ہوگی ،اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ نے مؤقف میں کہا کہ ڈی ایس پی رائے ونڈ شیخ اکمل خالد کو واقعہ کی انکوائری کی ہدائت کردی ہے ،تاہم آخری اطلاعات تک اس حوالے سے کوئی رپورٹ درج نہیں ہوئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں