جماعت اسلامی نوجوان میں تعلیمی شعور ودینی تربیت اوران کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے : ذکر اللہ مجاہد

مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ کے نوجوان معیاری تعلیم اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں

بدھ 12 دسمبر 2018 22:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ آج کا نوجوان معیاری تعلیم اور روزگار جیسے مسائل سے دوچار ہے اور نوجوانوں کے ان مسائل کا ذمہ دار سابقہ اور موجود ہ حکمران ہیں جنہوں نے تعلیم ، روزگار اور سماجی زندگی کے حوالے سے کوئی عملی اقدامات نہیں اُٹھائے ۔نوجوان اگر نیکی کے فروغ اور برائی و بے حیائی کے خاتمے کیلئے متحد و منظم ہو جائیں تو ملک کو اسلامی ، فلاحی اور خوشحال ریاست بنایا جا سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں یوتھ ایمپاورمنٹ سوسائٹی کے زیر اہتمام جشن اقبال تقریب میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی تمام سیاسی پارٹیاں عوامی مسائل کے حل کے دعوے تو کرتی ہیں لیکن حقیقت میں بری طرح ناکام رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

آج کے نوجوان کی سماجی زندگی نہ ہونے کے برابر ہے ۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ کے نوجوان معیاری تعلیم اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی اور سیاسی جماعت ہے جس کے پاس یونین کونسل کی سطح تک یوتھ کی طاقت موجود ہے اور ان کیلئے تعلیم و تربیت کیلئے موثر نظام بھی رکھتی ہے ۔ جماعت اسلامی نوجوان تعلیمی شعور و دینی تربیت اوران کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ نوجوان نسل کی اصلاح میں رکاوٹ کی سب سے بڑی وجہ فحاشی و عریانی اور مغربی تہذیب کی یلغار ہے ۔ معاشرے کی تعمیر و ترقی کیلئے نوجوان نسل کو فحاشی و عریانی اور منشیات جیسی دلدل سے نکالنا ہو گا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو اسلام کی تعلیمات سے روشناس کروایا جائے تاکہ نوجوان اسلام کے اصل مفہوم کو سمجھ سکیں اور ملک و قوم کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں