حکومت دعوے تو کر رہی ہے لیکن یہ نوشتہ دیوار ہے کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے‘لیاقت بلوچ

․ 110 دنوں میں مہنگائی ، بے روزگاری ، بجلی گیس لوڈشیڈنگ اور یوٹیلٹی بلز و ٹیکسوں میں ہوشربا اضافہ عوام کیلئے وبال جان بن گیاہے

جمعرات 13 دسمبر 2018 18:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت دعوے تو کر رہی ہے لیکن یہ نوشتہ دیوار ہے کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے، گیس کا بحران ناکامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ 110 دنوں میں مہنگائی ، بے روزگاری ، بجلی گیس لوڈشیڈنگ اور یوٹیلٹی بلز و ٹیکسوں میں ہوشربا اضافہ عوام کے لیے وبال جان بن گیاہے ۔

گنے ، کپاس ، گندم اور چاول کا کاشتکار تباہ ہورہاہے لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتیں بے حس اور نااہل ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ طلبہ اور نوجوان ملک و ملت کا اثاثہ اور مستقبل ہیں ۔ قومی وحدت اور یکجہتی کے لیے ناگزیر ہے کہ غیر طبقاتی یکساں نظام تعلیم لایا جائے ۔

(جاری ہے)

اردو قومی زبان ہے آئین و سپریم کور ٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے ، مقابلے کے امتحانات اردو میں لیے جائیں ، انگریزی دان نام نہاد طبقہ نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ آزاد کشمیر میں طلبہ یونینز کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں طلبہ اور نوجوان نسل کے سیاسی و جمہوری عمل کی تربیت کے لیے یونیورسٹیز اور کالجز میں طلبہ یونینز بحال کریں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ امریکہ دھوکا باز ، اپنے مفادات کا محافظ اورناقابل اعتبار ہے ۔ پاکستان کے لیے مشکلات کھڑی کرنا امریکہ کا مشن ہے ۔ حکمران امریکی حصار سے مکمل طور پر نکل آئیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں