ناقص گوشت کی فروخت کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈائون

ویجیلنس اور میٹ سیفٹی ٹیموں کی علی الصبح مشترکہ کارروائی،2500 کلو گوشت برآمد ناقص گوشت غیر قانونی مذبح خانوں میں تیار کر کے فروخت کے لیے لایا گیا تھا‘ڈی جی فوڈ اتھارٹی مضر صحت گوشت کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائیاں اور مقدمات بھی درج کروا رہے ہیں‘کیپٹن (ر) محمد عثمان

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر ) محمد عثمان کی ہدایت پرناقص گوشت کی فروخت کے خلاف ویجیلنس اور میٹ سیفٹی ٹیموں نے علی الصبح کارروائی کی۔2 میٹ پوائنٹس سے 2500 کلو مضر صحت گوشت برآمد جبکہ2 کو مزید بہتری کے لیے وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ناقص گوشت کی فروخت کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کریک ڈائون کرتے ہو ئی2 میٹ پوائنٹس سے 2500 کلو مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔

ویجیلنس اور میٹ سیفٹی ٹیموں نے ٹائون شپ میں علی الصبح کارروائی کرتے ہو ئے میٹ سٹور اور پنڈی سٹاپ پر ندیم سٹور کو سیل کر دیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ناقص گوشت غیر قانونی مذبح خانوں میں تیار کر کے فروخت کے لیے لایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ویجیلنس ٹیم نے ریکی کر کے ناقص گوشت کا سراغ لگایا اورپکڑا گیا گوشت پیمکو کی بھٹی میں جلا کر تلف کر دیا گیا۔

میٹ سیفٹی ٹیموںنے باگڑیا ں میں 2 میٹ شاپس کو مزید بہتری کے لیے وارننگ نوٹس بھی جاری کیے ۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ مضر صحت گوشت کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائیاں اور مقدمات بھی درج کروا رہے ہیں۔ گوشت کی کڑی نگرانی کے لیے ویجیلنس اور سپیشل میٹ سیفٹی ٹیمیں دو شفٹوں میں کام کرتی ہیں۔یاد رہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی گزشتہ دو ماہ میں 60 ہزار کلو کے قریب ناقص گوشت برآمد کر کے تلف کر چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں