لاء افسروں کو سیکرٹریٹ الائونس نہ دینے کیخلاف درخواست پر اکائونٹنٹ جنرل پنجاب ،سیکرٹری فنانس سے رپورٹ طلب

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے مختلف محکموں میں تعینات لاء ڈیپارٹمنٹ کے لاء افسروں کو سیکرٹریٹ الائونس نہ دینے کے خلاف درخواست پر اکائونٹنٹ جنرل پنجاب اور سیکرٹری فنانس سے رپورٹ طلب کر لی ۔گزشتہ روز ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے نبیل احمد گورایہ سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار لاء افسران ہیں اور مختلف محکموں میں فرائض سر انجام دے رہے ہیں، لا ء افسران سیکرٹریٹ کے پے رول پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں،درخواست گزار کو قانون کے مطابق سیکرٹریٹ الائونس دیا جا رہا تھا،محکمہ کی جانب سے درخواست گزاروں کو دیا جانے والا سیکرٹریٹ الائونس روک دیا گیا ہے،درخواست گزاروں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔معزز عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست گزاروں کو سیکرٹریٹ الائونس بحال کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔جس پر عدالت نے اکائونٹنٹ جنرل پنجاب اور سیکرٹری فنانس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں