پی ٹی آئی حکومت عوامی پیسہ کی محافظ ، طے شدہ اہداف کے ثمرات جلد ظاہر ہوں گے‘ چوہدری ظہیر الدین

حکومت عوام کے پیسے کی محافظ اور اسے لوٹنے والے لیٹروں اور ڈاکوئوں سے پائی پائی وصول کر کے رہے گی‘صوبائی وزیر

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت اپنے منشور پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔ حکومت عوام کے پیسے کی محافظ اور اسے لوٹنے والے لیٹروں اور ڈاکوئوں سے پائی پائی وصول کر کے رہے گی ۔ پنجاب حکومت نے اپنے ابتدائی 100رو ز میں جو اہداف طے کیے ہیں ان کے ثمرات جلد ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزارت کے خلاف اور قبضہ گروپوں پر ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے ہاتھ ڈالا ہے اور بلا امتیاز کارروائیوں میں کھربوں مالیت کی لاکھوں کنال سرکاری اراضی و ا گزار کروا چکی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے سرکاری اراضی پر مال مفت دل بے رحم کے مصداق قبضہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاہم حکومت اس بات کی بھر پور کوشش کر رہی ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں غریب اور چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد کو گزند نہ پہنچے ۔

چوہدری ظہیر الدین نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے عوامی پیسہ کی حفاظت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنا کوئی کیمپ آفس ہی نہیں بنایا جبکہ پچھلے ادوار کے نام نہاد خادم اعلیٰ کے پاس چار ، چار کیمپ آفسز تھے جن کا خرچہ کروڑوں میں تھا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے بعض وزراء اوور سیاسی رہنمائوں نے پنجاب ہائوس اسلام آباد کو اپنا خا لہ جی کا گھر سمجھا ہوا تھا ۔ ان کے ذمہ کروڑوں کے سرکاری واجبات واجب الا دا ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کو ان سے لوٹی گئی سرکاری تمام دولت کے لیے انگلی ٹیڑھی بھی کرنا پڑی تو کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں