لاہور ، کل ملک بھر میں سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی یاد میں اجتماعات منعقد کئے جائیں گے،صاحبزادہ حامد رضا

دسمبر کو سانحہ سقوط ڈھاکہ کی مناسبت سے’’ یوم وفاداری پاکستان‘‘ منایا جائے گا،دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ضروری ہے،چیئرمین سنی اتحاد کونسل

ہفتہ 15 دسمبر 2018 20:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کل ملک بھر میں سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی یاد میں اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔ 17 دسمبر کو سانحہ سقوط ڈھاکہ کی مناسبت سے’’ یوم وفاداری پاکستان‘‘ منایا جائے گا۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ضروری ہے۔

عالمی طاقتیں آج پھر بلوچستان میں سانحہ مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔ قومی یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اندرونی اتحاد کے ذریعے ہی بیرونی سازشیں ناکام بنائی جا سکتی ہیں۔ تربت میں سیکورٹی اہل کاروں کی شہادتوں کا سانحہ قابل مذمت ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔

(جاری ہے)

قوم سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں سنی اتحاد کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہماری حکومتوں نے سانحہ مشرقی پاکستان سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں بھارت نے مرکزی کردار ادا کیا۔ قومی اتحاد ہی استحکام پاکستان کی بنیاد بن سکتا ہے۔ مذہبی آذادیوں کے نام نہاد علمبردار امریکہ کو مقبوضہ کشمیر اور اسرائیل میں مذہبی آزادیوں کی پامالی کیوں نظر نہیں آتی۔

دنیا بھر میں مسلمان امتیازی رویوں کا شکار ہیں۔ امت مسلمہ قیادت کے فقدان کا شکار ہے۔ مسلم حکمران امریکہ کے گماشتے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اتحاد امت کے بغیر امت مسلمہ کی عظمت رفتہ بحال نہیں ہو سکتی۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ حکومت بے گناہ علماء کو رہا کر کے انصاف کے تقاضے پورے کرے۔ اہل سنت کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوششیں بند کی جائیں۔ ہم اہل سنت اور ریاست کے تصادم کی مکروہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں