سستے داموں لیزپر دی گئی پراپرٹیز کو سروے کروا کر دوبارہ میرٹ پر لیز پر دیا جائیگا ،ہمایوں مظہر شیخ

اتوار 16 دسمبر 2018 14:50

لاہور۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) چیئرمین پنجاب کوآپریٹو بورڈ برائے لیکوڈیشن ہمایوں مظہر شیخ نے کہا ہے کہ سستے داموں لیز پردی گئی پراپرٹیز کو سروے کروا کر دوبارہ میرٹ پر لیز پر دیا جائیگا، اس وقت پی سی بی ایل کی کمرشل اور رہائشی بلڈنگز کی کرایہ کی مد میں 60 ملین سے زیادہ سالانہ آمدنی ہے، جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی بات کر تے ہوئے ہمایوں مظہر شیخ نے کہا کہ پی سی بی ایل نے ماضی میں سابقہ انتظامیہ کی طرف سے سستے داموں لیز کی گئی اربوں روپے مالیت کی 1800سے زائد کنال قیمتی رہائشی پراپرٹی قبضہ مافیا سے واگزار کروا لی ہے، پی سی بی ایل کے پاس اس وقت کل 293 پراپرٹیز موجود ہیں ، انہوں نے کہا کہ پی سی بی ایل کے ذمہ 2لاکھ 72 ہزار متاثرین کے کلیم واجب الادا تھے، جن میں سے صرف 6 ہزار کے قریب معمولی نوعیت کے کلیم رہ گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت کوآپریٹو بورڈ برائے لیکوڈیشن کے پاس اربوں روپے کی پراپرٹی موجود ہے جس میں 132 کمرشل ، 85 رہائشی اور 76 زرعی پراپرٹیز ہیں، انہوں نے بتایا کہ بطور چیئرمین چارج سنھبالنے کے بعد قبضہ مافیا کیخلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے سینکڑوں کنال رہائشی اراضی کو ناصرف واگزارکر وایا ہے بلکہ پی سی بی ایل کی سالانہ کرایہ کی مد میں آمدنی میں اضافہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت رہائشی بلڈنگز کے کرایوں کی مد میں 3 سے 4 ملین روپے کا اضافہ ہوا ہے ، انہوں نے کہاکہ پی سی بی ایل نے روات پنڈی میں 1674 کنال جو حسین کاٹک کو قائد ہاؤسنگ سٹی کے نام پر اونے پونے داموں پر لیز پر دی گئی تھی اس کو قبضہ مافیا سے واگزار کراگیا ہے جس کی ایک کنال کی قیمت 40 سے 50 لاکھ روپے مالیت بنتی ہے، پی سی بی ایل نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پراپرٹی فوری واگزار کروائی ہے، پسرور میں سیٹھی ماڈل ٹائون سوسائٹی کے نام سے 142 کنال رہائشی پراپرٹی بھی واگزارکروائی گئی ہے ، اسی دوران لاہور میں موضع کماہاں سمیت دیگر موضع جات سے بھی قیمتی رہائشی پراپرٹیز اور پلاٹس واگزار کروائے گئے ہیں جبکہ قبضہ مافیا کیخلاف تھانہ نشتر سمیت دیگر علاقوں میں ملزمان کیخلاف کیسز درج کروائے ہیں اور قبضہ مافیا کی10 افراد کو موقع پر گرفتار کروایا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں