حکومت صنعتوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ونڈ اور شمسی توانائی کے فروغ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے‘محمد اختر ملک

تمام سرکاری عمارتوں کو ’’گرین بلڈنگز‘‘ میں تبدیل کیا جائے گا، پنجاب انرجی ڈیپارٹمنٹ سب سے پہلے اپنی عمارتوں کو گرین بلڈنگز میں تبدیل کر کے مثال قائم کرے گا‘صوبائی وزیر توانائی

اتوار 16 دسمبر 2018 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) پنجاب کے وزیر توانائی ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت صنعتوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ونڈ اور شمسی توانائی کے فروغ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور صرف بہتر پیداوار کے حامل انرجی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ اتوار کو یہاں ایکسپو سنٹر میں پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام میگا نمائش انٹیریئرز پاکستان کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے توانائی بحران کو ختم کرنے کے لئے عملی طور پر کچھ نہیں کیا جس سے صنعتی ترقی اور قومی معیشت بری طرح متاثر ہوئی۔

ہوائی اور شمسی توانائی کے استعمال کا فروغ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ دیامیر اور بھاشا ڈیموں کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے تاکہ آئندہ سالوں میں پانی کے بحران کا خطرہ ٹل سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے اور وہ کامیابی سے ان پر قابو پانے اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کو ملک بھر میں نمائشوں کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان سے ملک کے برآمدی حجم میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مارکیٹوں میں پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر پروڈیوسرز بین الاقوامی تجارتی منڈیوں کی تلاش اور برآمدی شعبے میں تحقیق پر توجہ مرکوز کریں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام سرکاری عمارتوں کو ’’گرین بلڈنگز‘‘ میں تبدیل کرنے کیلئے پر عزم ہے اور پنجاب انرجی ڈیپارٹمنٹ سب سے پہلے اپنی عمارتوں کو گرین بلڈنگز میں تبدیل کر کے مثال قائم کرے گا۔ اس موقع پر پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ موجودہ حکومت ایکسپورٹ کلچر کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف سی نے جنگلات کے تحفظ اور ان میں اضافہ کیلئے خالی جگہوں پر شجر کاری شروع کر دی ہے اور وہ ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے بھی حکومت کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فرنیچر برآمدات میں کمی کی بڑی وجہ لکڑی کی قیمت میں تین گنا اضافہ ہے جس کی طرف حکومت کو توجہ دینی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اگلے پانچ سالوں میں ایک ملین پودے لگائے گی تاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے برے اثرات کو کم کیا جا سکے اور پانی کی کمی کو کنٹرو ل کرنے میں مددمل سکے۔

پنجاب کے وزیر توانائی اختر ملک نے پی ایف سی کے سربراہ میاں کاشف اشفاق کی تمام تر کوششوں کو سراہتے ہوئے فرنیچر کی صنعت کے فروغ کے لئے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعد ازاں انہوں نے اسٹالوں کا دورہ کیا اور نمائش کیلئے رکھی گئی فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائننگ کی اشیاء میں گہری دلچسپی لی ۔ انہوں نے نوجوان انٹرپرینیورز کی بھی حوصلہ افزائی کی اور ان کے جدید ڈیزائن کے فرنیچرکی تعریف کی جو نمائش کا دورہ کرنے والے افراد کی توجہ کا مرکز تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں