ڈالر کی قیمت مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے،مہنگا ہونے کا معاملہ وزیرخزانہ اسد عمر کے علم میں تھا، گورنراسٹیٹ بینک

سپریم کورٹ نے موبائل ٹیکس ختم کیا جس سے ٹیکس نیٹ پرفرق پڑا، 100 روزہ پلان کے تحت ادائیگیوں کو آن لائن کی طرف لارہے ہیں، طارق باجوہ حکومت تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے، ہم کاروباری حضرات کو سہولیات فراہم کررہے ہیں تاکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے، وزیرخزانہ پنجاب

اتوار 16 دسمبر 2018 19:20

ڈالر کی قیمت مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے،مہنگا ہونے کا معاملہ وزیرخزانہ اسد عمر کے علم میں تھا، گورنراسٹیٹ بینک
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر طارق باجوہ نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے،مہنگا ہونے کا معاملہ وزیرخزانہ اسد عمر کے علم میں تھا اور وہ پہلے ہی اس معاملے پر اپنی وضاحت دے چکے ہیں،سپریم کورٹ نے موبائل ٹیکس ختم کیا جس سے ٹیکس نیٹ پرفرق پڑا، 100 روزہ پلان کے تحت ادائیگیوں کو آن لائن کی طرف لارہے ہیں۔

لاہور میں پی آر اے ہیڈکوارٹرز میں ادائیگیوں کے آن لائن نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ سیلز ٹیکس کی آن لائن ادائیگی کا سسٹم کاروباری طبقے کیلئے بہت سود مند ہے،ٹیکس کا ڈیجیٹل نظام ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ روپے کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہیں ،جبکہ ڈالر کی قیمت کے حوالے سے وزیر خزانہ بیان دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

طارق باجوہ نے کہا کہ تمام ادائیگیوں کو ڈیجیٹل آن لائن پیمنٹ کی طرف لا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 100روزہ پلان میں ڈیجیٹل سسٹم شامل ہے، ادائیگیوں کو ڈیجیٹل آن لائن کی طرف لا رہے ہیں، سیلز ٹیکس کی آن لائن ادائیگی کا نظام کاروباری افرادکے لیے سودمند ہے، ٹیکس کاڈیجیٹل نظام ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے کہاکہ وزیرخزانہ نے ڈالر کے بڑھنے پر خود وضاحت پیش کی، انہوں نے خود کہا اس حوالے سے بات ہوگئی تھی، ڈالر کی قیمت مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے، امریکی کرنسی کے ریٹ بڑھنے کا معاملہ اسد عمر کے علم میں تھا۔

اس موقع پر وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں نے بھی تقریب سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے، ہم کاروباری حضرات کو سہولیات فراہم کررہے ہیں تاکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں