محکمہ اوقاف کا داتا دربار میں غیر ملکی زائرین کی رہنمائی کیلئے خصوصی ڈیسک بنانے کا فیصلہ

حضرت داتاعلی ہجویریؒ کی تعلیمات بارے رہنمائی دی جاسکے گی‘ڈی جی ڈاکٹر طاہر رضابخاری

پیر 17 دسمبر 2018 19:43

محکمہ اوقاف کا داتا دربار میں غیر ملکی زائرین کی رہنمائی کیلئے خصوصی ڈیسک بنانے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) محکمہ اوقاف پنجاب نے داتا دربار میں غیر ملکی زائرین کی رہنمائی کے لئے خصوصی ڈیسک بنانے کا فیصلہ کر لیا جہاں انہیں حضرت داتاعلی ہجویریؒ کی تعلیمات بارے رہنمائی دی جاسکے گی۔اس حوالے سے ڈائریکٹرجنرل محکمہ اوقاف ومذہبی امورپنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات پرمحکمہ اوقاف میں جدت لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورمحکمہ سے کرپٹ مافیا اور کالی بھیڑوں کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔

صوبہ بھر کے تما م درباروں پر اوقاف ملازمین میں کی نقل و حمل کے لئے ٹریکنگ سسٹم کا اجرا کیا جائے گا تاکہ کوئی ملازمین اپنی ڈیوٹی سے غائب نہ ہو۔

(جاری ہے)

محکمہ اوقاف کی تمام اراضی پر شجر کاری متواتر جاری رہے گی جبکہ نا جائز قابضین مافیا کی سر کوبی کے لئے بھی قانونی ہتھکنڈہ استعمال میں لایا جا رہا ہے۔ تمام درباروں پر زائرین کو ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی کے لئے چوبیس گھنٹے لنگر خانوں ،وضو خانوں اور طہارت خانوں کا قیام عمل میں لائے جائیں گے ۔

جبکہ درباروں پر پاپوش اور طہارت خانوں پر عائد فیس کے خاتمہ کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خستہ حالی کا شکار درباروں کی تعمیر ومرمت اور تزئین و آرائش کے سلسلہ میں بھی احکامات جاری کئے جا رہے ہیں۔صوبہ بھر کے تمام درباروں میں ملک بھر کی طول و عرض سے آئے زائرین کے لئے شیلٹرز ہومزکے قیام کے لئے بھی عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔

لاہور میں جدید اور معیاری سیرت و تصوف یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ اسلام اور نبی پاکؐ کی تعلیمات اور ریسرچ بارے بہتر حقائق سامنے لائے جا سکیں اسی طرح تما درباروں پر تصوف اکیڈمیز کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا، معاشرے میں پائی جانے والی بے چینی اور بے رغبتی کے خاتمہ کے لئے قرآن، نبی پاک ؐ اور اولیا اللہ کی تعلیمات کوکتابی شکل میں لایا جائے گا تاکہ ا س کے پڑھنے سے بے سکون دلوں کو اطمینان حاصل ہو اور ہر عمر کا فرد اس سے مستفید ہوسکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں