حکومت نے صرف سو دنوں بعد ہی خود کو احتساب کیلئے پیش کردیا ،عرفان عباسی

پیر 17 دسمبر 2018 21:33

لاہور ۔17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) تحریک انصا ف کے مرکزی رہنما عرفان عباسی نے کہاہے کہ سابقہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہو چکا ہے، من پسند بیوروکریسی کو لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ کی مد میں قوم کا پیسہ لوٹایا گیا یہ کہاں کی ایمانداری ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے قوم کے ٹیکس کے پیسے پانی کی طرح بہائے اور کھائے،اب جب حساب ہونے لگا تو مظلوم بن گئے، انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی حکومت بن مانگے ہی اپنی کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھ رہی ہے اور وزیراعظم نے مسلسل نو گھنٹے تک کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کو چیک کیا اور فیصلہ کیا کہ اسی طرح سے وہ ہر تین ماہ بعد کابینہ کی کارکردگی کو چیک کرکے قوم کو بتایا کریں گے، وہ گز شتہ روز پارٹی آفس میں پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ، انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے والی حکومتوں نے تو خود کو کبھی قوم کے سامنے جواب دہ ہی نہیں سمجھا لیکن اس ایشو پر بھی تبدیلی پی ٹی آئی ہی لیکر آئی ہے اور اس نے قوم کو صرف سو دنوں کے بعد ہی اپنے آپکو احتساب کیلئے پیش کردیا جس کو عوام نے خوب سراہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں