صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی جانب سے آڈیو ٹیپ کے حوالے سے وضاحت

عمران خان وزیر اعظم پاکستان اور عثمان بزدار وزیر اعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے باعث روزانہ متعدد لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے وزراء سے رابطہ کرتے ہیں، لوگوں کے مسائل کو متعلقہ محکمہ جات اور افسران تک پہنچانا اور ان کو حل کروانا حکومتی اراکین کی ذمہ داری ہے، ترجمان

پیر 17 دسمبر 2018 22:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2018ء) صوبائی وزیرقانون محمد بشارت راجہ کے ترجمان نے میڈیا پر ان سے متعلق وائرل ہونے والی آڈیو ٹیپ کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان وزیر اعظم پاکستان اور عثمان بزدار وزیر اعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے باعث روزانہ متعدد لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے وزراء سے رابطہ کرتے ہیں۔

لوگوں کے مسائل کو متعلقہ محکمہ جات اور افسران تک پہنچانا اور ان کو حل کروانا حکومتی اراکین کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اریبہ کے معاملے میں وہ ان کا مسئلہ متعلقہ افسر کے نوٹس میں لائے اور اس کے حل کے لیے کہا جو کہ کسی صورت میں بھی غیر قانونی نہ ہے۔ مسئلہ کو حل کرنے یا نا کرنے کا انحصار متعلقہ افسر پر ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے متعلقہ افسر کے خلاف نہ کوئی تادیبی کارروائی کی ہے اور نہ ہی اس کے متعلق کچھ تحریر کیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر صحت پنجاب نے اس سلسلہ میں حقائق جاننے کے لیے متعلقہ سینئر حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے جس کے آنے پر تمام صورت حال واضح ہو جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں