لاہور، ریلوے پولیس لاہور ڈویژن کی کاروائی ، 38من گٹکا سپاری کی سمگلنگ ناکام بنا دی

منگل 18 دسمبر 2018 20:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2018ء) پاکستان ریلوے پولیس لاہور ڈویژن نے موثر کاروائی کرتے ہوئے 38من گٹکا سپاری کی سمگلنگ کو ناکام بنا دیا اور ریلوے میٹریل چوری کرنے والے ملزم کو بھی رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔اس کے علاوہ رواں ماہ قبضہ مافیا سے 58ایکڑ سے زائد ریلوے اراضی وا گزار کروائی گئی۔تفصیلات کے مطابق ایس پی پاکستان ریلوے پولیس لاہور ڈویژن ملک محمد عتیق نے پریس کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے پولیس لاہور ڈویژن نے 38من گٹکا سپاری کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا یا ہے جو ملزم زبیر خان اورملزم الہ داد بادامی باغ ریلوے اسٹیشن سے بک کروا کر کراچی بھجوانا چاہتے تھے۔

دونوں ملزمان کو پاکستان ریلوے پولیس کے عملہ نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور 38من گٹکا سپاری جو کہ پِک اپ نمبریLES-1391 پر لوڈ کیا گیا تھا کو قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور کاروائی کے دوران پاکستان ریلوے پولیس لاہور ڈویژن نے ریلوے میٹریل چوری کرنے والے ملزم محمد تنویر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جو کہ ریلوے اسٹیشن شیخوپورہ اور فاروق آباد کے درمیان ریلوے لائنوں سے ریلوے میٹریل نٹ بولٹ اور کلمپ چوری کر کے لے جا رہا تھا۔

جس کے خلاف مقدمہ درج کر کہ مذکورہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایس پی ریلوے پولیس نے ا مزید کہا کہ انسپکٹرجنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان کی ہدایات پر قبضہ مافیا سے ریلوے اراضی واگزار کروانے کے لئے عملہ ریلوے کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔ ایس پی ریلوے پولیس کا کہنا تھا کہ رواں ماہ دسمبر میں ا ب تک پاکستان ریلوے پولیس لاہور ڈویژن نے عملہ ریلوے کے ساتھ مل کر 6انکروچمنٹ آپریشن کئے ہیں اور58ایکڑ سے زائد ریلوے کمرشل و زراعی اراضی جس کی مالیت 8کروڑ 27لاکھ روپے بنتی ہے قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی ہے اور قبضہ مافیا کے خلاف11مقدمات کا اندراج بھی کیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں