عمران خان ، عثمان بزدار کا بے گھر افراد کیلئے پناہ گاہوں کا قیام فلاحی ریاست کیجانب اہم قدم ہے

اب کوئی فٹ پاتھ پر نہیں سوئے گا،بے گھروں کی خدمت میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی‘ صوبائی وزراء صوبائی وزراء چوہدری ظہیر الدین اور مراد راس کی عارضی پناہ گاہ داتا دربار کے دورہ کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو

منگل 18 دسمبر 2018 21:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین اور وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کی روشنی میں بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں کا قیام فلاحی ریاست کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ بے گھر افراد کی کفالت حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔

پناہ گاہوں کے مکینوں کی خدمت پر مامور عملہ اپنے فرائض خوش اسلوبی سے ادا کرے۔ اس ضمن میں کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ عارضی پناہ گاہوں میں مقیم افراد جلد مستقل پناہ گاہوں میں شفٹ کر دئیے جائیں گے۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے داتا دربار کی پناہ گاہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ تعلقات عامہ امجد حسین بھی موجود تھے۔

صوبائی وزراء دورہ کے موقع پر پناہ گاہ میں قیام پذیر افراد میں گھل مل گئے۔ چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ عارضی پناہ گاہ داتا دربار میں اوسطاً 70 افراد روزانہ قیام پذیر ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اب کوئی فٹ پاتھ پر نہیں سوئے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ پناہ گا ہ میں قیام کیلئے شناختی کارڈ ضروری تاہم نہ رکھنے والوں کو بے آسرا نہیں چھوڑیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں میں مقامی ، دیگر شہروں سے آنیوالے افراد بھی رہ سکتے ہیں۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا کہ مجبوری کی صورت میں ضرورت مند افراد کا قیام 3 روز سے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقل پناہ گاہ داتا دربار 3 ماہ کے اندر تعمیر کر دی جائیگی۔اس موقع پر اُنہوں نے مزید کہا کہ پناہ گاہوں کی تعمیر کا دائرہ کار صوبے بھر تک بڑھایا جائیگا۔

اُنہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں کے بیمار مکینوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے اوران پناہ گاہوں میں مکین افراد کو ناشتہ اوررات کا کھانابروقت فراہم کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزراء کو اس موقع پر بتایا گیا کہ گذشتہ روز عارضی پناہ گاہ داتا دربار میں 77 بے گھر افراد نے قیام کیا ۔ پناہ گاہ میں آنے والے بے آسرا افراد کو گھر جیسے ماحول، آرام دہ بستر اور صاف ستھرے کھانے کی فراہمی کے ساتھ انہیں مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے حکومتی اعلان پر اُن کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ۔

بہترین سہولیات کی فراہمی پر پناہ گاہ کے مکینوں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم عمران ، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے لیے درازی عمر کی دعائیں بھی کیں۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ حکومت بے گھر افراد کو جلد عارضی پناہ گاہوں سے مستقل پناہ گاہوں میں شفٹ کر دے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں