محکمہ معدنیات کو بہترین پالیسیوں کی بنا پر مستقبل کا کار آمد محکمہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے‘عمار یاسر

چنیوٹ میں معدنیات کے پانچ مقامات پر ترکی اور پاکستان کے مایہ ناز انجنئیر لوہا، سونا اور دیگر معدنیات کی تلاش میں پوائنٹس بنائینگے

بدھ 19 دسمبر 2018 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر معدنیات عمار یاسر نے محکمانہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پرسیکر ٹری مائنز عا لمگیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرل ظفر جاوید ملغانی،ڈائریکٹر انفرمیشن محمد حفیظ،ڈائریکٹر ایڈمن ہدایت اللہ نیازی،ڈائریکٹر سمال مائنز محمد رمضان، ڈائریکٹر فیسیلیٹیشن اور ڈائریکٹر ریسورس مپینگ محمد ایوب بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات کو بہترین پالیسیوں کی بنا پر مستقبل کا کار آمد محکمہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں معدنیات کی تلاش کا کام جاری ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سا منے آئے ہیں ۔اور جلد ان مقامات پر معدنیات حاصل کرنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہو ںنے کہا کہ محکمہ معدنیات میں افسران و ملازمین کی ترقی کا عمل کار کردگی سے مشروط کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چنیوٹ میں معدنیات کی تلاش کے لئے پانچ مقامات کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ ان پانچ مقامات پر ترکی اور پاکستان کے مایہ ناز انجنئیرزبا ہمی مشاورت اور رضا مندی سے لوہا، سونا اور دیگر معدنیات کی تلاش میں پوائنٹس بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمت سے مالا مال کیا ہے۔

گزشتہ ادوار میں ملکی و غیر ملکی فرموں نے پاکستانی معدنیات کو مال مفت سمجھ کر اپنی تجوریاں بھریں اور اپنی من پسند غیر ملکی فرموں کو اونے پونے ٹھیکے دئیے اور قیمتی معدنیات وہ فرمیں بغیر کسی ٹیکس کے باہر لے گئیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں معدنیات کے کھوج کے لئے مختلف اضلاع میں سائیٹس منتخب کر لی گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان حقیقی معنوں میں اپنی کرنسی اور دیگر معدنیات کی بنا پر دنیا بھر میں اپنا تشخص قائم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں