ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل پر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کائونٹر قائم کردیا گیا

ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی محمد اسلم رائو نے کائونٹر کا افتتاح کر دیا

بدھ 19 دسمبر 2018 17:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) شہریوں کو این او سی کے اجراء میں ہونے والی تاخیر ختم کرنے کے لئے ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل پر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کائونٹر قائم کردیا گیا ہے جس کے ذریعے رجسٹریوں کی آن لائن تصدیق کرکے شہریوں کی درخواستوں پر کم سے کم وقت میں عمل درآمد کیا جا سکے گا اور انہیں درپیش مشکلات دور کی جا سکیں گی۔

ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی محمد اسلم رائونے گزشتہ روز ایل ڈی اے آفس جوہر ٹائون میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے کائونٹر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نے بتایا کہ اس کائونٹر کے قیام سے ایل ڈی اے کو پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ریونیو ڈیٹا تک رسائی حاصل ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کی ملکیتی جائیدادوں کے ریکارڈ کی فوری تصدیق ممکن ہو سکے گی اور اب اس کام کے لئے مہینوں کا وقت نہیں لگے گا ۔

(جاری ہے)

شہریوں کو انتظار کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی اور انہیں کم سے کم وقت میں این او سی جاری کیا جا سکے گا۔لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد سلم رائو نے بتایا کہ لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ساتھ اس طرح کے معاہدے پر پہلے ہی دستخط کئے جا چکے ہیں۔ایل ڈی اے کی طرف سے اس سروس کے حصول کے بعد محکمہ کو اپنی رہائشی سکیموں میں واقع پلاٹوں کے ملکیتی ریونیو ریکارڈ تک آن لائن رسائی حاصل ہوگئی ہے اور ان پلاٹوں کی رجسٹریوں کی تصدیق کم سے کم وقت میں ممکن ہو گئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں