تحریک انصاف کی حکومت ہر شعبہ میں خواتین کی نمائندگی کی خواہاں ہے‘ اعجاز عالم آگسٹین

پنجاب بھرمیں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے تحریک انصاف کی حکومت ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے‘صوبائی وزیر

بدھ 19 دسمبر 2018 17:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا ہے کہ ہر مذہب خواتین کے احترام کے ساتھ اُن کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کا درس دیتا ہے اور پنجاب حکومت اس فرض کی ادائیگی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں خواتین کو آبادی میں 50فیصد کے تناسب سے ہر شعبہ میں بھی خواتین کی اسی طرح نمائندگی کی خواہاں ہے اور اس وقت خواتین کے لئے یہ بات باعث فخر ہے کہ لاہور،قصور، اوکاڑہ اورسرگودھا میں خواتین ڈپٹی کمشنرز تعینات ہیں۔

ان خیالات کاا ظہار آج صوبائی وزیر نے کسی بھی شعبے میں کام کرنیوالی خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب میں خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کا اہتمام محکمہ انسانی حقوق اورسماجی تنظیم آگاہی کے تعاون سے پنجاب یونیورسٹی کے سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے آڈیٹوریم میں کیا گیاتھا۔تقریب میں تحریک انصاف کی پارلیمنٹرینز، پنجاب کمیشن آف خواتین، پی ڈی ایم اے،اخوت،واسا،لاہور ویسٹ مینجمنٹ،چائلڈ پروٹیکشن بیورو،محکمہ صحت کے نمائندگان اوریونیورسٹی پنجاب کے اساتذہ سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ سوشیالوجی ڈاکٹر روبینہ ذاکر نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ میںآج کی منفرد نوعیت کی تقریب پہلی مرتبہ منعقد کی گئی ہے اور بالخصوص طالبات کا جوش و خروش دیکھ کر مستقبل میں بھی اسطرح کی تقریبات منعقد کرتے رہیں گے۔پی ٹی آئی رہنماء سمیرا بخاری نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان بھر میں ہر شعبے میں خواتین کی موجودگی عیاں ہے اور انکا تحفظ ہم سب کا مشترکہ فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی والدہ کا خواب سچا کرنے کیلئے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گی۔ریجنل ڈائریکٹر انسانی حقوق لبنیٰ منصور نے کہا کہ ملک کی تعمیر وترقی میں خواتین کے کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیاربناکرہی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔

صوبائی وزیر اعجاز عالم نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ آج کی تقریب کے منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں کہ اتنی اہم تقریب منعقد کی اور خواتین بالخصوص طالبات کو بتایا کہ آج کے دن کا مقصد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لیبر ڈیپارٹمنٹ اور وومن ڈیپارٹمنٹ کے پلیٹ فارم سے خواتین بالخصوص چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پنجاب اسمبلی میں بل پاس کروارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب بھرمیں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے تحریک انصاف کی حکومت ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر اور شرکاء کو شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں