لبر لینڈ پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالنے میں ہر ممکن مدد کریگا،پاک لبر لینڈ چیمبر آف کامرس کا قیام عمل میں لایا جائے گا‘

سٹیٹ سیکرٹری لبر لینڈ ڈاکٹر طارق عباسی لبر لینڈ پاکستان کے تعلیمی سیکٹر میں سرمایہ کاری کر کے پاکستان میں تدریسی شرح کو بڑھانے میں تعاون کریگا‘قونصل جنرل پاکستان فیصل بٹ

بدھ 19 دسمبر 2018 18:16

لاہور۔19 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) یورپ کے نقشے پر ابھرنے والے نئے ملک لبر لینڈ کے سٹیٹ سیکرٹری طارق عباسی اور پاکستان میں تعینات لبر لینڈ کے کونسل جنرل فیصل بٹ نے کہا ہے کہ لبر لینڈ پاکستان کوتوانائی کے بحران سے نکالنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا‘ لبر لینڈ پاکستان جیسے ممالک میں سر مایہ کاری کر کے اسے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کروانے کی کوشش کریگا‘ لبر لینڈ یورپی یونین پارلیمنٹ میں اپنا اہم مقام بنا چکا ہے جس کا منہ بولتا ثبوت اسے یو ایس اے پارٹی اور یو کے پارٹی کی مکمل حمایت کا حاصل ہونا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طارق عباسی کا لبر لینڈ کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ اب تک 14 ممالک لبر لینڈ کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ابھی ہم ان ممالک کے نام عیاں نہیں کرسکتے،وقت کو بھانپتے ہوئے ان ممالک کے نام ظاہر کردئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ صومالیہ سفارتی طور پرلبر لینڈ کو تسلیم کر چکا ہے‘ دریں اثناء لبر لینڈ اور صومالیہ کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط قائم ہو چکے ہیں‘ اس کے علاوہ لبر لینڈ صومالیہ کو بینکنگ ،ای کامرس ،کر پٹو کرنسی اور انرجی سیکٹرز میں تعاون کر رہا ہے۔

ڈاکٹر طارق عباسی کا کہنا تھا کہ لبر لینڈ یو این پی او میں آبزرور کے طور پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں لبر لینڈ کے 106آپریٹنگ دفاتر موجود ہیں جو لبر لینڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ پاکستان میں تعینات لبر لینڈ کے قونصل جنرل فیصل بٹ کا کہنا تھا کہ لبر لینڈ ریاستی بالادستی کے قیام کے لیے مونٹیویڈیوکے آرٹیکل 1کے مطابق اپنی اہلیت مکمل کر چکا ہے‘ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیصل بٹ کا کہنا تھا کہ پچھلے دور حکومت میں وزیر خارجہ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان سے سفارتی تعلقات قائم نہ ہو سکے‘لبر لینڈ اور پاکستان کے سفارتی تعلقات قائم کرنے کیلئے موجودہ وزیر خارجہ کے ساتھ معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لبر لینڈ پاکستان کوتوانائی کے بحران سے نکالنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہنر مند افراد پوریی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں‘لبر لینڈ کے انفراسٹر کچر میں پاکستانی ماہرین کی خدمات لی جائیں گے جس سے پاکستان کی اکانومی بہتر ہوگی ‘یہ اقدام بیروزگاری کے خاتمے میں معاون ثابت ہوگا‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ لبر لینڈ پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دے گا ،پاکستان کا شمار ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے‘ لبر لینڈ پاکستان جیسے ممالک میں سرما یہ کاری کر کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کروانے کی کوشش کرے گا‘ان کا کہنا تھا کہ پا کستان چیمبر آف کامرس کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے پاکستان اور لبر لینڈ کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی کمپنیاں جو یورپ میں سرمایہ کرنے کی خواہشمند ہیں انہیں چاہیے کہ وہ لبر لینڈ کی وساطت سے خود کو رجسٹر کروائیں تاکہ انہیں یورپ میں بھاری بھر کم ٹیکس سے چھٹکارہ مل سکے، ان کا کہنا تھا کہ لبر لینڈ یورپ میں واحد ملک ہے جو ٹیکس فری سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر رہا ہے‘ان کا کہنا تھا کہ لبر لینڈ پاکستان میں نہ صرف بلاک چین ٹیکنالوجی متعارف کروائے گا بلکہ پاکستان کو اپنی کرپٹو کرنسی لانچ کرنے میں بھی معاونت کرے گا‘قونصل جنرل فیصل بٹ کا کہنا تھا کہ لبر لینڈ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں سرمایہ کاری کرکے شرح خواندگی کو بڑھانے میں مدد کرے گا ، قونصل جنرل نے عوام کو آسان شرائط پر لبر لینڈ کی شہریت حاصل کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں