حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریگی، جمشید اقبال چیمہ

بدھ 9 جنوری 2019 20:25

لاہور۔9 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریگی۔ وزیر اعظم عمران خان ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے جس طرح پیشرفت کر رہے ہیں اس سے اپوزیشن کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز حلقہ این اے 127کے دورہ کے موقع پر پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی ساری ترقی صرف اشتہارات تک محدود تھی اور حقیقت میں اس کا کہیں نام و نشان تک نہیں۔ سیاسی مداخلت اور اقرباء پروری کی وجہ سے قومی ادارے کھوکھلے ہو چکے ہیں جنہیں اپنے پائو ں پر کھڑا کرنے کیلئے ایک عرصہ درکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا واضح موقف ہے کہ ہم سب سے پہلے عوام کی زندگیوں میں بہتری لائیں گے اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پرتوجہ دی جائیگی جس کیلئے دن رات کام جاری ہے۔

عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے منصوبے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور ہمارے دور حکومت میں ہی وہ وقت آئیگا جب پورے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوگی ۔ انہوں نے رہنمائوں کو یقین دلایا کہ حلقے کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں۔قبل ازیں جمشید اقبال چیمہ نے اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ٹائون عبد الرزاق ڈوگر سے ملاقات کر کے حلقے کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں