ننکانہ صاحب میں ریلوے اسٹیشن تا جنم استھان گرونانک زیر زمین راستہ(سرنگ) تعمیر کرنے کا فیصلہ

سکھ یاتریوں کی سکیورٹی اور شہریوں کی آسانی کیلئے سرنگ ضروری ہے‘کمشنر لاہور ڈویژن مجتبیٰ پراچہ کی زیر صدارت اہم اجلاس

ہفتہ 12 جنوری 2019 23:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2019ء) کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں ریلوے اسٹیشن تا جنم استھان گرونانک زیر زمین راستہ(سرنگ) تعمیر کیا جائے گا،سکھ یاتریوں کی سکیورٹی اور شہریوں کی آسانی کیلئے سرنگ ضروری ہے۔کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر سرنگ 205 میٹر طویل اور 40 تا 60 فٹ چوڑی ہو گی۔

بابا گرونانک کی امسال 550 ویں جنم تقریبات پر یاتریوں کی بڑی تعداد متوقع ہے۔ اجلاس میں ڈی سی ننکانہ، ڈی پی او ننکانہ، ہر گوپال سنگھ پربندھک کمیٹی، ریلویز،محکمہ اوقاف و دیگر افسران نے شرکت کی۔کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ ریلوے افسران ننکانہ کا دورہ کریںاور پلیٹ فارم کی رپورٹ تیار کریں۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم، محکمہ وقف املاک اور ریلویز جلد این او سی جاری کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی زیر زمین راستے کو سکیورٹی کے حوالے سے ناگزیر قرار دے چکی ہے کیونکہ اس راستے سے سکھ یاتری سیدھے بغیر کسی رکاوٹ کے گورونانک جنم استھان میں داخل ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سکھ یاتریوں کو جنم استھان سے دور اسٹیشن پر اتر کر پھر ایک لمبے راستے سے جنم استھان آنا پڑتا ہے ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تقریباً آدھے شہر کی سڑکوں کو بند کیا جاتا ہے۔

زیر زمین راستے کی تعمیر سے جہاں سکھ یاتریوں کی حفاظت یقینی ہوگی وہاں پر عام شہریوں کو بھی کسی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مجوزہ زیر زمین راستہ ریلوے ٹریک سے سیدھا جنم استھان میں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس زیر زمین ڈیزائن اور سرنگ کی تزئین و آرائش بھی سکھ مذہب کے مطابق کی جائے گا اور یہ ڈیزائن اعلیٰ معیار اور کثیرالمقاصد ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں