کرپشن اور پاکستان کسی صورت ایک ساتھ نہیں چل سکتے ‘ مسرت جمشید چیمہ

مولانا فضل الرحمن حکومتوں سے ملنے والا ’’حقہ پانی ‘‘ بند ہونے پر پریشان ہیں‘ رکن پنجاب اسمبلی

اتوار 13 جنوری 2019 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2019ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کرپشن اور پاکستان کسی صورت ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور حکومت عوام کی توقعات کے مطابق نہ صرف کرپشن کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کرے گی بلکہ اس کی آبیاری کرنے والوں کو بھی شکنجے میں لائے گی،مولانا فضل الرحمن کئی دہائیوں سے حکومتوں سے ملنے والا ’’حقہ پانی ‘‘ بند ہونے پر پریشان ہیں اس لئے سب کو ان کی پریشانی اوربے چینی سمجھ آتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ ملک و قوم کا خون چوسنے والے آج معصوم بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ، نواز شریف اورشہباز شریف کو کرپشن کے جرم میں سزا کے باوجود ہر طرح کی سہولیات میسر ہیں لیکن کرپشن کی غضب کہانیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے بے بنیاد پراپیگنڈا کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے عوام کے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا ہے اور آج کروڑوں عوام غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے انتہائی برے حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ انشا اللہ موجودہ حکومت نہ صرف عوام کو ان کے حقوق اور ریلیف دے گی بلکہ انہیں مختلف منصوبوں کے ذریعے قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں سے ہرگز مک مکا نہیں ہوگا کیونکہ ایسا کرنا مینڈیٹ دینے والے ووٹرز سے غداری کے مترادف ے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں