لاہور،ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے سی پی او میں ورکشاپ و فرضی مشقوں کا انعقاد

پیر 14 جنوری 2019 23:53

لاہور۔14 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) انسپکٹر جنر ل پولیس پنجاب کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں سی پی او کے ملازمین کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی تربیت دینے کیلئے اے آئی جی ایڈمن اسد سرفراز کی زیر نگرانی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سول ڈیفنس کے افسران نے سی پی او کے لگ بھگ ایک ہزار ملازمین کوتربیت دی۔

سول ڈیفنس کے افسران اور ٹرینرز نے اس موقع پر بتایا کہ آگ لگنے سمیت دیگر ہنگامی حالات میں ملازمین کس طرح اپنی اور دیگر لوگوں کی جانوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہنگامی حالات میں اپنی حفاظت کے ساتھ ساتھ اپنے ارد گرد موجود افراد کو فوری طبی امداد اور ریسکیو کرنے کے طریقہ کار پر بھی بریفنگ دی۔ اس موقع پر اے آئی جی ایڈمن اسد سرفراز نے کہا کہ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد سنٹرل پولیس آفس میں موجود عملہ کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے اور انہیں ایسی بنیادی حفاظتی تربیت فراہم کرنا ہے کہ وہ قدرتی آفات اور ہنگامی صورت حال میں یہاں آنے والے مہمانوں اور شہریوں کی بھی حفاظت کر سکیں۔

ورکشاپ کے اختتام پر سی پی او میں ایک فرضی مشق کا بھی اہتمام کیا گیا اور ملازمین کو عملی تربیت کا مظاہرہ کر کے دکھایا گیا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں