لاہورہائیکورٹ نے نواز شریف ،مریم اور صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق نوٹیفکیشن کے حصول کی درخواست نمٹا دی

وزارت داخلہ نے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق حکومتی نوٹیفیکیشن عدالت میں جمع کروا یا ،کاپی درخواست گزار کو بھی فراہم کر دی

بدھ 16 جنوری 2019 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ، انکی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے سے متعلق حکومتی نوٹیفیکیشن کے حصول کے لیے دائر درخواست نمٹا دی ۔ گزشتہ روز ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مامون رشید نے کیس کی سماعت کی۔

ایڈووکیٹ عامر ظہیر مرزا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ ای سی ایل میں نام ڈالنے سے قبل شوکاز دینے کی پابند ہے مگر وزارت داخلہ نے شوکاز دیئے بغیر نواز شریف مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا۔درخواست گزار نے کہا کہ ہائیکورٹ میں زیر التواء مقدمے میں ای سی ایل میں نام ڈالنے سے متعلق نوٹیفیکیشن مطلوب ہے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت مرکزی مقدمے میں پیش رفت کے لیے وزارت داخلہ کو نوٹیفیکیشن فراہم کرنے کا حکم دے ۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ نے نواز شریف مریم نواز اور صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق حکومتی نوٹیفیکیشن عدالت میں جمع کروا دیا اور بتایا کہ عدالتی حکم پر میمورنڈم کی کاپی درخواست گزار کو بھی فراہم کر دی گئی ۔وزارت داخلہ کی طرف سے بتایا گیا کہ تینوں افراد نیب کے ملزم ہیں اور انکے ملک سے فرار ہونے کا خطرہ تھا۔فاضل عدالت نے وزارت داخلہ کے بیان کی روشنی میں نوٹیفیکیشن کے حصول کے لیے دائر درخواست نمٹا دی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں