جنرل ہسپتال ، گذشتہ برس ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں 23لاکھ سے زائد مریض آئے ،

بہتر سہولیات کی وجہ سے 2018 میں مریضوں کی آمد میں ساڑھے چار لاکھ اضافہ ہوا، پروفیسر محمد طیب اور ڈاکٹر محمود صلاح الدین کا سالانہ کارکردگی کے حوالے سے بیان

بدھ 16 جنوری 2019 17:32

جنرل ہسپتال ، گذشتہ برس ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں 23لاکھ سے زائد مریض آئے ،
لاہور۔16 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) جنرل ہسپتال کے تمام شعبوں میں پروفیسرز ، کنسلٹنٹ کی دستیابی، ایوننگ آؤٹ ڈور کی سہولت اور محکمہ صحت پنجاب کی پالیسی پر عملدرامد کرتے ہوئے بہتر سے بہتر نتائج کو یقینی بنایا گیا۔ 2018 کے دوران ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر 23 لاکھ24 ہزار 658 مریض آئے جنہیں بغیر پرچی فیس طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ شعبہ حادثات میں آنے والے 8,67,094مریضوںکو ادویات، آپریشن کا سامان سمیت دیگر ٹیسٹ بلا معاوضہ کئے گئے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب اور ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے سالانہ کارکردگی کے حوالے سے بتایا کہ ایل جی ایچ کو مریض دوست ماحول میں بدلنے اور بہتر طبی سہولیات کے نتیجے میں 2017کے مقابلے میں گزشتہ سال ساڑھے چار لاکھ مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر رانا محمد شفیق ، ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز ڈاکٹر شاہد محمود ، اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر جعفر شاہ، ڈاکٹر ریاض حفیظ و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

پرنسپل اور ایم ایس نے ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 2017میں 1,869,644مریض آئے تھے جبکہ پچھلے برس 2,324,658مریض علاج معالجہ کیلئے آئے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہیلتھ پالیسی پر عملدرامد کرتے ہوئے ہسپتال آنے والے ہر مریض کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس عرصہ کے دوران ایک لاکھ سے زائد مختلف نوعیت کے چھوٹے بڑے آپریشنز ، 135883ایکسرے ، 107144الٹرا ساؤنڈ ، 83140سی ٹی سکین اور 23192ایم آر آئی ٹیسٹ ہوئے جبکہ 12ماہ کے دوران 5662گیسٹرو سکوپی، 898نیورو انجیوگرافی، 3897ایکو کارڈیوگرافی، 2248فیبرو سکین کے علاوہ 18016ڈائیلاسز ، 1516مریضوں کی شعاعوں سے گردے کے پتھری تحلیل کی گئی نیز 83858ای سی جی اور 303میمو گرافی کی گئی۔

پرنسپل پی جی ایم آئی اور ایم ایس ایل جی ایچ کا کہنا تھا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں ایوننگ آؤٹ ڈور شفٹ سے روزانہ سینکڑوں سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے ملازمین سمیت شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رواں سال 2019میں بھی انشاء اللہ ایل جی ایچ اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مریضوں کی بلا تفریق خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گا اور وزیر اعلی پنجاب و وزیر صحت کی ہدایات کی روشنی میں صحت کی سہولتوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیںگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں